دل کے مریضوں کیلئے بہترین کوالٹی کے سٹنٹ فراہم کئے جا رہے ہیں، کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، ہر مریض کو علاج کی بہترین سہولت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، حکومت اپنی ذمہ داری کو بخوبی پورا کر رہی ہے‘ٹریس اینڈ ٹریک سسٹم کو چار ہفتوں میں فعال کیا جائے،

وزیراعلیٰ پنجا ب محمد شہبازشریف کا ویڈیو کانفرنس سے خطاب

جمعہ 2 فروری 2018 22:19

دل کے مریضوں کیلئے بہترین کوالٹی کے سٹنٹ فراہم کئے جا رہے ہیں، کوالٹی ..
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2018ء) وزیراعلیٰ پنجا ب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں مریضوں کے لئے بہترین کوالٹی کے سٹنٹ فراہم کئے جا رہے ہیں۔ امراض قلب میں مبتلا مریضوں کے لئے سٹنٹ کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ہر مریض کو علاج کی بہترین سہولت فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے اور حکومت اپنی ذمہ داری کو بخوبی پورا کر رہی ہے۔

پنجاب کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے مثالی صوبہ بنانا ہمارا عزم ہے۔ مریض اور عوام کے مفاد میں ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے یہ بات یہاں ویڈیولنک کے ذریعے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ نے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی پالیسی میں کوئی ابہام نہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کی مقرر کردہ ٹیکنیکل اور پروکیورمنٹ کمیٹی کی تجویز کردہ کارڈک ڈیوائسز اور سٹنٹ سینٹرل ریٹ کنٹریکٹ کے تحت پنجاب کے تمام ہسپتالوں کے لئے یکساں نرخ اورمعیار کے مطابق خریدے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریض کی صحت اور اس کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے جس کوالٹی اور معیار کا سٹنٹ درکار ہو گا فراہم کیا جائے، ہم اپنے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوںکو بہترین ادویات، کارڈک ڈیوائسز اور سٹنٹ فراہم کرنے کی پالیسی پر عملدرآمدکو یقینی بنا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹریس اینڈ ٹریک سسٹم کے تحت پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے پنجاب میں سٹنٹ کے لئے رجسٹری کا نظام قائم کیا جا رہا ہے۔ جہاں سٹنٹ کی بناوٹ، خریداری اور استعمال سمیت دیگر تمام معلومات میسر ہوں گی اور اس ٹریس اینڈ ٹریک سسٹم کے تحت سٹنٹ کا ریکارڈ مرتب کرنا ممکن ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ٹریس اینڈ ٹریک سسٹم کو چار ہفتے میں فعال کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ماڈل فارمیسی میں یکساں نرخ پر معیاری سٹنٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور تمام ماڈل فارمیسی میں سٹنٹ کے معیار اور نرخ میں کوئی فرق نہیں ہونا چاہیے۔ سیکرٹری صحت نجم شاہ نے پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں امراض قلب کے مریضوں کے لئے سٹنٹ کے معیار، اقسام اور نرخ و دیگر امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ویڈیو کانفرنس میں وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق، چیف سیکرٹری، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، انسٹی ٹیوٹس آف کارڈیالوجی کے سربراہان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :