سپریم کورٹ نے سری لنکا اور تھائی لینڈ کی جیلوں میں بند پاکستانیوں کی وطن منتقلی بارے درخواست نمٹا دی

جمعہ 2 فروری 2018 22:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2018ء) سپریم کورٹ نے سری لنکا اور تھائی لینڈ کی جیلوں میں بند پاکستانی شہریوں کی وطن منتقلی کے حوالے سے از خود نوٹس کیس میں وفاقی حکومت کی جانب سے ایک ماہ کے اندر ٹھوس اقدامات اٹھا نے کی یقین دہانی پر درخواست نمٹا دی ہے ، جمعہ کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار نے پیش ہوکر موقف اختیار کیا کہ حکومت سری لنکا اورتھائی لینڈ میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے اقدامات کررہی ہے اور ا س حوالے سے ایک ماہ میں اقدامات کئے جائیں گے، جس پر فاضل چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ سری لنکا اور تھائی لینڈ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدوں پر ان کی روح کے مطابق عمل کیا جائے اوروہاں موجود پاکستانی سفارتخانوں کوہدایت کی جائے کہ یہ مسئلہ حل ہونے تک ان قیدیوں کوطبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا ئے جائیں بعد ازاں درخواست نمٹا دی۔