چکوال، تفتیش مقدمات کے موضوع پر ورکشاپ

جمعہ 2 فروری 2018 22:06

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2018ء) چوہدری انور احمد خان ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چکوال کی سربراہی میں بروز جمعتہ المبارک تفتیش مقدمات کے موضوع پر ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں جج محمد اسلم بھٹی ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چکوال ، جج جاوید اقبال بوسال ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ج تلہ گنگ ، جج سائرہ نورین ، سینئر سول جج ایڈمن چکوال ، جج عباس رسول وڑائچ ، سینئر سول جج (جوڈیشل ) چکوال ، محمد ہارون جوئیہ ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال ، علاقہ مجسٹریٹ صاحبان ، ڈی ایس پیز ، ایس ایچ اوز اور ضلع بھر کے تمام تفتیشی پولیس افسران نے شرکت کی ۔

جج جاوید اقبال بوسال ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج تلہ گنگ نے پولیس افسران کو تفتیش کے طریقہ کار ، تفتیش میں پائی جانے والی خامیوں اور ان کی اصلاح اور تفتیش کے جدید تقاضوں کے بارے میں تفصیلی لیکچر دیا ۔

(جاری ہے)

ورکشاپ میں تفتیش میں پائی جانے والی خامیوں کی طرف خصوصی توجہ دلائی گئی ، ورکشاپ میں تفتیش مقدمہ کے متعلق قوانین اور ضوابط کا احاطہ کیا گیا اور تفتیشی افسران کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے متعلق سیر حاصل بحث کی گئی ، ورکشاپ میں تمام پولیس افسران نے تفتیش کے مختلف مراحل اور تفتیش سے متعلق مختلف اقدامات کی بابت سوالات کئے جن پر مفصل گفتگو ہوئی ، چوہدری انور احمد خان ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے بھی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کیا اور اپنے تجربات سے مستفید کیا ورکشاپ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے تمام پولیس افسران کو ضلعی عدلیہ چکوال کی جانب سے فرانزک شواہدات سے متعلق تیار کردہ ہینڈ بک بھی تقسیم کیں ، لیکچر کے اختتام پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال نے جج چوہدری انوار احمد خان ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چکوال کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ لیکچر کے انعقاد سے تفتیشی عمل کے بارے میں مثبت معلومات حاصل ہوئی ہیں جو ہمارے لیے تفتیش کے عمل میں کار آمد ثابت ہوں گی اور مستقبل میں بھی اس طرح کے لیکچر کرنے کی استدعا کی گئی ۔