ژوب کے تعلیمی میدان میں آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام سے تعلیمی انقلاب برپا ہوگا ،شیخ جعفر خان مندوخیل

مثالی یونیورسٹی ہوگی جوکہ مارچ سے ژوب میں درس وتدریس کا آغاز کررہی ہے ژوب کے عوام کو یہ تحفہ علاقے اور عوام سے محبت کا ثمر ہے ،صوبائی وزیر

جمعہ 2 فروری 2018 22:06

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2018ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر اور صوبائی وزیر امداد وباہمی شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہاہے کہ ژوب کے تعلیمی میدان میں آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام سے تعلیمی انقلاب برپا ہوگا اور یہ ایک مثالی یونیورسٹی ہوگی جوکہ مارچ سے ژوب میں درس وتدریس کا آغاز کررہی ہے ژوب کے عوام کو یہ تحفہ علاقے اور عوام سے محبت کا ثمر ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزژوب کے طالبعلموں اور نوجوانوں کے مختلف گروپس سے ملاقات کے دوران کیا ۔

اس موقع پر ایم ایس ایف کے صوبائی صدر قطب الدین بشرمل کی قیادت میں طلباء نے جعفرخان مندوخیل کی ژوب کیلئے علم دوست کردار کو سراہا اور کہاکہ ژوب کے نوجوانوں کو انکے گھر پر اعلی تعلیمی مواقع کی فراہمی علاقے کی بڑی خدمت ہے اور تمام طلباء اور نوجوان اس پر جعفر مندوخیل کے شکر گزار ہیں ۔

(جاری ہے)

جعفر خان مندوخیل نے اس موقع پر کہاکہ آئی ٹی یونیورسٹی ژوب کیلئے طلباء وطالبات کے داخلے شروع کئے جارہے ہیں مارچ سے کلاسز کا اجراء ہوگا اور اس یونیورسٹی میں نہ صرف ژوب بلکہ دیگر اضلاع اور خیبر پختونخوا کے طلباء بھی پڑھیں گے اور اس مقصد کیلئے ہم تمام تر سہولیات بہتر انداز میں فراہم کی ہیں ۔

آئی ٹی یونیورسٹی بڑی خوشی کا مقام ہے اور ہم نے اپنے اس عظیم مشن کو اللہ کے فضل وکرم سے کامیابی سے انجام تک پہنچادیا ۔جعفر مندوخیل نے کہاکہ آئی ٹی یونیورسٹی کے اعلی حکام بھی یونیورسٹی کے بھر پور انداز میں آغاز کیلئے متحرک ہیں ۔