حلال فوڈ اتھارٹی کاقیام تین ہفتوں میں مکمل کیاجائے،چیف سیکرٹری

عوام کو معیاری خوراک فراہم کرنے کے لئے 77 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز فوڈاور 113فوڈ سیفٹی افیسرز تعینات کئے گئے ہیں جو پورے صوبے میں عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائیں گے

جمعہ 2 فروری 2018 22:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2018ء)چیف سیکرٹری خیبر پختون نخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تین ہفتوں میں اتھارٹی کے قیام کا کام مکمل کرکے اس کو فعال بنایا جا ئے تاکہ عوام کو جلدازجلد معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔یہ ہدایات چیف سیکرٹری نے فوڈسیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے دورے کے موقع پر جاری کیں۔

چیف سیکرٹری نے اتھارٹی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور جاری کام پر اطمینان کا اظہار کیا ۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی ریاض خان محسود نے چیف سیکرٹری کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اتھارٹی کے عملے نے دن رات کام کرکے قلیل عرصے میں اسکا قیام عمل میں لایا اور یہ بہت جلد اپنا کام شروع کردے گی ۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایاگیا کہ عوام کو معیاری خوراک فراہم کرنے کے لئے 77 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز فوڈاور 113فوڈ سیفٹی افیسرز تعینات کئے گئے ہیں جو پورے صوبے میں عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائیں گے ۔

خوراک کے معیار کو چیک کرنے کے لئے تین اقسام کی جدید ترین لیبارٹریز کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے جس میںسا ئنٹیفک لیبارٹری، اپیلٹ اور موبائل لیبارٹریز شامل ہیں۔اسکے علاوہ اشیائے خوردنوش بیچنے والے تمام لوگوں کو رجسٹریشن کے لئے وقت دیا جائیگا اور انکو باقاعدہ لائسنس جاری کئے جائینگے تاکہ لوگوں کومعیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

خلاف ورزی کرنے والوں کے لائسنس منسو خ کئے جائینگے اور انکے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ اتھارٹی کا قیام مقررہ وقت میں عمل میں لایا جائے تاکہ لوگوںکو اسکے ثمرات ملنا شروع ہوجائیں ۔انہوں نے ہدایت کی کہ فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے تمام مرحلوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور تربیت یافتہ عملے کے ذریعے لوگوں کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔