ڈاکٹر شزرا منصب علی خان کی زیر صدارت قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس

جمعہ 2 فروری 2018 22:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2018ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس کمیٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر شزرا منصب علی خان کی زیر صدارت جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان سردار عاشق حسین گوپانگ، رشید احمد خان، ندیم عباس ربہرا، چوہدری سلمان حنیف خان، شازیہ مبشر، عارفہ خالد پرویز، ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ اور نفیسہ عنایت الله خان خٹک کے علاوہ وزارت پارلیمانی امور، الیکشن کمیشن اور شماریات کے ڈویژن کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

سیکرٹری وزارت پارلیمانی امور نے کمیٹی کو بتایا کہ کمیٹی کی ہدایات اور سفارشات پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ محکمہ کو خطوط لکھ دیئے گئے ہیں۔ کمیٹی نے اتفاق رائے سے انتخابات (ترمیمی) ایکٹ 2017ء پر غور آئندہ اجلاس تک کیلئے مؤخر کر دیا۔

(جاری ہے)

یہ بل نعیمہ کشور خان کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل سیکرٹری نے کمیٹی کو انتخابی حلقہ بندیوں کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ آئندہ عام انتخابات کیلئے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام حلقوں کی حدود کا تعین مردم شماری کے نتائج مدنظر رکھ کر کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے انتخابی حلقہ بندیوں پر کام آئین کے آرٹیکل 51 (5) کے تحت کیا جا رہا ہے، اس آرٹیکل میں ترمیم 24ویں آئینی ترمیم 2017ء کے تحت عمل میں لائی گئی تھی۔ سیکرٹری شماریات نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے 7 دسمبر 2016ء کے فیصلے اور مشترکہ مفادات کونسل کے 16 دسمبر 2016ء کی ہدایات کے تحت 2017ء کی مردم شماری کا عمل 15 مارچ 2017ء کو شروع کیا گیا جو 24 مئی 2017ء کو مکمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ شماریات ڈویژن نے مردم شماری و خانہ شماری جس میں مردوں، خواتین اور مخنث پر مشتمل شہری اور دیہی علاقوں کی تمام آبادی کے نتائج شائع کر دیئے ہیں۔