ڈپٹی کمشنر کی اوورسیز پاکستانیوں کے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

جمعہ 2 فروری 2018 22:01

گوجرانوالہ۔2 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2018ء)ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل احمد ٹیپو نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ،اوور سیز کمیشن اور ضلعی اوور سیز کمیٹیوں کا قیام وزیر اعلی پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ہے جس کا مقصد اور سیز پاکستانیوں کو ان کا حق دلوانا اور ان سے دھوکہ دہی کے مرتکب افراد کو قانون کے شکنجے میں لاناہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ اوور سیز کمیٹی کے ماہانہ کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے کیا ،ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین ضلعی اوور سیز کمیٹی عبدالرئو ف مغل ،سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان،اے ڈی سی (ایف اینڈ پی )نرگس شازیہ ، ممبرڈی او پی سی عدنان افضل چٹھہ ،محکمہ پولیس کے ایس پیز معاذ ،وسیم ، اسسٹنٹ کمشنرز ( سٹی رائو سہیل اختر ،صدر رانا جمیل ، نوشہرہ ورکاں نویدالاسلام ورک، کامونکی حناء ارشد،وزیر آبادفیصل عباس مانگٹ)، ایس این اے تنویر عباس اور دیگر محکموں کے افسران اور نمائندے شریک تھے،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل احمد ٹیپو اور چیئرمین ڈسٹرکٹ اوور سیز کمیٹی عبدالرئوف مغل نے سی پی او اشفاق خا ن کی طرف سے اوور سیز پاکستانیوں کے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ایس پیز کو خصوصی ٹاسک دیے جانے کے اقدام کو سراہا ،انہوں نے کہا کہ سی پی او کی قیادت محکمہ پولیس سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات اور مسائل 90فیصد حل ہو چکے ہیں جو کہ قابل تحسین عمل ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اوور سیز پاکستانیز کمیٹی کو موصول ہونے والی زیر التواء درخواستوں کو نمٹانے کے لیے فریقین کو بلا کر براہ راست ان کے مسائل سنیں اور قانون کے مطابق میرٹ پر ان کے تحفظات کا ازالہ کریں۔