گوجرانوالہ،کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آل پارٹی کانفرنس کا اہتمام

جمعہ 2 فروری 2018 21:57

گوجرانوالہ۔2 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2018ء)جماعت اسلامی سٹی کے زیر اہتمام کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے آل پارٹی کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پنجاب بلال قدرت بٹ نے کی آل پارٹی کانفرنس میں مختلف دینی و سیاسی پارٹیوں کے قائیدین نے شرکت کی ،کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے بلال قدرت بٹ نے کہا کہ بھارت امریکی سرپرستی میں کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے اور اب تک حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے والے دو لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید اور پانچ لاکھ سے زائد کو زخمی کرنے کے باوجود بھارت کشمیریوں کے آزادی کے مطالبے کو دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

کشمیری عوام 1948 سے اپنی آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور بھارت کی آٹھ لاکھ سے زائد فوج ظلم و جبر اور تشدد کے تمام حربے آزمانے کے باوجود کشمیریوں کی آواز کو دبانے میں ناکام رہی ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ اور عالمی برادری کا فرض ہے کہ وہ بھارت کے انسانیت کے خلاف مظالم اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی پر خاموش تماشائی بننے کی بجائے کشمیری عوام کو حق خودارادیت دے،اس مو قع پر سٹی امیر جماعت اسلامی مظہر اقبال رندھاوا،حافظ حمید الدین اعوان ،ضلعی صدر جمیعت علماء اسلام (س)حافظ گلزار احمد ،سینیئر وائس چیئرمین پاکستان علماء کونسل ایوب صفدر ،آرگنائزر مرکزی جمیعت اہلحدیث عالمی مولانہ مشتاق احمد چیمہ ،ڈپٹی جنرل سیکر ٹری جمیعت علماء پاکستان علامہ محمد نصیر احمد اویسی ،راہنما جمیعت علماء اسلام (ف)بابر رضوان باجوہ ،صدر خاکسار تحریک عبدالرزاق بٹ ،نا ظم اعلیٰ مرکزی جمیعت اہلحدیث گوجرانوالہ حافظ عمران عریف ،امیر دعوت اصلاح جماعت الدعوہ عبدالجبار زاہد ،ضلعی صدر پاکستان علماء کونسل حافظ امجد محمود ،چیئرمین مرکزی انجمن تاجران میاں فضل الرحمن ،ڈویژنل صدر یوتھ جماعت اسلامی فرقان عزیز بٹ ،سٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی فیاض منیر جرال ،امیر جماعت اسلامی جموں کشمیر ضلع گوجرانوالہ ڈاکٹر محمد یو سف طارق ،سٹی صدر یوتھ جے آئی خرم سلیم کھوکھر کے علاوہ دیگر راہنمائوں نے بھی خطاب کیا ۔

مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت مظالم کے پہاڑ توڑنے کے باوجود کشمیریوں کو آزادی کے مطالبے سے روکنے میں کامیاب نہیں ہو سکا اور نہ کبھی ہو گا۔ پیلٹ گنوں سے لوگوں کی بینائی چھیننے، تین لاکھ سے زائد لوگوں کو ٹارچر سیلوں میں بند کرنے، گیارہ ہزار کشمیریوں کو لاپتا اور دس ہزار خواتین کی آبرو ریزی اور بے حرمتی کرنے کے باوجود بھارت آزادی کی تحریک کو دبانہیں سکا۔

انہوںنے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔انہوںنے کہا کہ بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف آواز اٹھانے پر ہزاروں خواتین کی آبرو ریزی کی گئی اور معصوم بچوں کو ذبح کیا گیا۔ بستیوں اور باغات کو جلایا جا رہا ہے اور بھارتی فوج مسجدوں اور مدارس کو نذر آتش کر رہی ہے مگر اس ریاستی دہشت گردی کے باوجود بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کچلنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری نے مسئلہ کشمیر پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔