وزیراعلی پرویزخٹک کی پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ پراجیکٹ کیلئے بسوں کی فراہمی بروقت یقینی بنانے اورتمام انتظامات تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت

جمعہ 2 فروری 2018 21:36

وزیراعلی پرویزخٹک کی پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ پراجیکٹ کیلئے بسوں کی فراہمی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ پراجیکٹ کیلئے بسوں کی فراہمی بروقت یقینی بنانے اورتمام انتظامات تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوںنے بی آر ٹی کوریڈور کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پارکنگ پلازوں، بس سٹاپس، تہکال پل، پیر زکوڑی پل، بس سٹیشنز اور کیمروں کی تنصیب سمیت منصوبے کے اختتامی مراحل پر بھی سنجیدہ پیش رفت کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ کوریڈور کی تکمیل کے ساتھ ہی یہ تمام سہولیات بھی مکمل ہونی چاہئیں۔

وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں منصوبے پر جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش، کمشنر پشاور، سٹرٹیٹجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید، متعلقہ صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بی آرٹی کیلئے چین سے جدید ترین بسوں کی خریداری اور پراجیکٹ کے تحت دیگر اہم فیچرز پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ کوریڈور پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اسلئے بسوں کی خریداری ، بس سٹاپس، سٹیشن، پارکنگ پلازوں سمیت دیگر سہولیات کی بر وقت تکمیل پر بھی کام تیز کیا جائے کیونکہ ان کے بغیر بی آر ٹی مکمل نہیں ہوگا اس منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں ۔ انہوں نے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنانے کیلئے پوری تندہی اور قوت فیصلہ سے کام کریں اگر کوئی مسئلہ درپیش ہو تو ترجیحی بنیادوں پرحل کریں اور تیز رفتاری سے آگے بڑھیں ۔

وزیراعلیٰ نے بی آر ٹی کی ضرورت کے مطابق پیر زکوڑی پل کی بلاتاخیر تعمیر اور فردوس چوک میں بی آر ٹی کو درپیش مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوںنے رنگ روڈ کے چوکوں، یوٹرنز اور اسی طرح چرگانو چوک وغیرہ میں ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت پر بھی زوردیا تاکہ ٹریفک کا نظم و ضبط برقرار رکھا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :