محکمہ بلدیات شہروں اور دیہات سے لیکر بازاروں اور گلی کوچوں کی سطح پرصفائی یقینی بنائیں،پرویزخٹک

حکومت ترقیاتی اور فلاحی سکیموں پر عملدرآمد میں مکمل شفافیت چاہتی ہے جو ہماری ترقیاتی حکمت عملی کا بنیادی جز ہے کسی بھی سطح پر کک بیکس اور کمیشن خوری کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے وسائل کا ضیاع ایک جرم ہے ،،،وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعہ 2 فروری 2018 21:36

محکمہ بلدیات شہروں اور دیہات سے لیکر بازاروں اور گلی کوچوں کی سطح پرصفائی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے محکمہ بلدیات کے حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ شہروں اور دیہات سے لیکر بازاروں اور گلی کوچوں کی سطح پر صحت و صفائی،آبنوشی اور نکاس سمیت تمام میونسپل سہولیات کی شہریوں کو انکی دہلیز پر فراہمی اور ترقیاتی سکیموں کی مؤثر مانیٹرنگ کے ذریعے بر وقت اور معیاری تکمیل یقینی بنائیں تاکہ عوام ان سے صحیح معنوں میں مستفید ہو سکیں انہوں نے واضح کیا کہ انکی حکومت ترقیاتی اور فلاحی سکیموں پر عملدرآمد میں مکمل شفافیت چاہتی ہے جو ہماری ترقیاتی حکمت عملی کا بنیادی جز بھی ہے ۔

وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ بلدیات کی کارکردگی اور اہداف کے حصول سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے اجلاس میں سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ، ایس ایس یو کے سربراہ صاحبزادہ سعید، سیکرٹری بلدیات اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس کو ترقیاتی حکمت عملی کے ضمن میں ضلع اور تحصیل سطح پر میونسپل خدمات اور ترقیاتی سکیموں کیلئے مختص فنڈز، رقوم کے اجرا اور ان کے خرچ سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا پرویز خٹک نے میونسپل خدمات اورمحصولات کی وصولی میںمصروف عمل افسروں اور اہلکاروں کی استعداد بڑھانے کیلئے جامع تربیتی پروگرام شروع کرنیکی ہدایت بھی کی انہوں نے واضح کیا کہ وہ حکومت کے تمام شعبوں میں مسابقت کی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں اور یقین دلایا کہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کی خدمات کا نہ صرف اعتراف کیا جائے گا بلکہ انہیں گراں قدر انعامات سے بھی نوازا جائے گا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انکی حکومت نے تمام شعبوں میں میرٹ پر بھرتیاں کیں اسی طرح ترقیاتی سکیموں کے ٹھیکوں اور نیلامی کا عمل بھی آن لائن کر دیا تاکہ حکومت کے تمام معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے تمام ترقیاتی اور غیر ترقیاتی حکومتی معاملات کو ٹائم لائن اور ڈیڈ لائن کے مطابق نمٹانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسکی بدولت کارکردگی اور شفافیت میں مزید بہتری آئے گی۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ترقیاتی عمل سے متعلق عوامی شکایات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور صوبے میں کہیں بھی اور کسی بھی شعبے میں ہونے والی بد عنوانیوں اور غیر قانونی کام پر فوری کاروائی کی جائے انہوں نے کہا کہ وہ حکومت کے کسی بھی سطح پر کک بیکس اور کمیشن خوری کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے وسائل کا ضیاع ایک جرم ہے اور اسے اسی انداز میں لیا جائے انہوں نے بلدیات اور میونسپل خدمات سے متعلق سکیموں کیلئے فنڈز کے اجرا اور آمدن و خرچ سے متعلق محکمہ خزانہ پر بھی واضح کیا کہ دیگر محکموں کا معاملات میں مداخلت کی بجائے اپنے حقیقی کردار کو مد نظر رکھا جائے کیونکہ بلا جواز دخل اندازی سے ترقیاتی عمل سست رفتاری کا شکار ہو جاتا ہے وزیر اعلیٰ نے یو سی اور ویلج و نیبر ہوڈ کونسلوں کے سیکرٹریوں سے لیکر تمام زیریں ملازمین کی مناسب تربیت کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے انکے لئے تربیتی پروگراموں اور سیمینارز کے بندوبست کی ہدایت بھی کی ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام محکمے فنڈز کے بروقت استعمال اور محصولات کے اہداف میں بھرپور حسن کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے جو انکے اولین فرائض میں شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :