پاک فضائیہ کا JF-17 تھنڈر سے فضاء سے فضاء میں مار کرنے والے میزائل فار کرنے کا کامیاب تجربہ

یہ مظاہرہ مختلف رفتار سے پرواز کرنے والے اہداف کو ڈھونڈ کر تباہ کرنے کی پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے،ائیر چیف مارشل سہیل امان

جمعہ 2 فروری 2018 20:47

پاک فضائیہ کا JF-17  تھنڈر سے فضاء سے فضاء میں مار کرنے والے  میزائل فار ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 فروری2018ء) پاک فضائیہ اور پوری قوم کے لئے باعث فخر دن، ملکی ساختہ جے ایف 17تھنڈر نے سومیانی فائرنگ رینج پر فضاء سے فضاء میں مار کرنے والے میزائل کو فائر کر کے کم رفتار سے پرواز کرنے والے مطلوبہ ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ جے ایف 17تھنڈر نے Beyond Visual Rangeاور انفراریڈمیزائل فائر کر کے کم رفتار سے پرواز کرنے والے ہدف کو ٹھیک نشانہ لگا کر تباہ کرنے کا مظاہرہ کیا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ آج کا دن پاک فضائیہ کی تاریخ میں ایک سنہری باب کا اضافہ ہے جب ایک جدید ویپن ٹیسٹ رینج (Weapon Test Range) کو پاک فضائیہ کا حصہ بنایا گیا جہاںمختلف قسم کے ملکی ساختہ اور غیر ملکی ہتھیاروںکے معیار کو جانچا جائے گا۔

(جاری ہے)

چین کی معاونت سے تیار کردہ اس جدید رینج میں ایسے آلات نصب کیے گئے ہیں جو جہاز اور جہاز سے فائر کئے گئے میزائل کی پرواز اور زاویے کو جانچنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

یہ مظاہرہ مختلف رفتار سے پرواز کرنے والے اہداف کو ڈھونڈ کر تباہ کرنے کی پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ ہم اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیں یہ غیر معمولی سنگ میل حاصل کرنے کی طاقت عطا فرمائی۔JF-17 تھنڈر طیاروں سے ان جدید ہتھیاروں کاکامیاب مظاہرہ اس طیارے کی ہمہ جہت صلاحیتوں کا مظہر ہے۔

یہ بات قابل فخر ہے کہ پاک فضائیہ کے چھ لڑاکا سکواڈر ن پہلے ہی فخر ِ پاکستان JF-17 تھنڈر طیاروں سے لیس کیے جا چکے ہیں جو ملکی فضائی دفاع میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے اس مظاہرے کو کامیاب بنانے پر پاک فضائیہ اور چین کے عملے کی کاوشوں کو سراہا۔ قبل ازیں ائیر وائس مارشل حسیب پراچہ ، ائیر آفیسر کمانڈنگ سدرن ائیر کمانڈ نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے اعلی افسران کے علاوہ سول اور دفاعی عہدیداران بھی اس تاریخی موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :