سپورٹس بورڈ پنجاب اگلی قائداعظم گیمز جیت کر ہیٹ ٹرک کریگا‘صوبائی وزیر کھیل

شاندار کامیابی پر تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،نوجوانوں کا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے جلد پنجاب گیمز منعقد کرائی جائیں گی‘جہانگیر خانزادہ کھلاڑیوںنے پنجاب کا سر فخر سے بلند کردیا ،نوجوانوں کی رہنمائی کی جائے تو وہ عالمی مقابلوں میں میڈلز جیت سکتے ہیں‘ سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان

جمعہ 2 فروری 2018 20:19

سپورٹس بورڈ پنجاب اگلی قائداعظم گیمز جیت کر ہیٹ ٹرک کریگا‘صوبائی وزیر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2018ء) صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ پنجاب کے نوجوانوں نے دوسری بین الصوبائی قائداعظم گیمز 2017ء میں پورے پاکستان کے سامنے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب کے دستے نے قائداعظم گیمز میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے ثابت کردیا کہ پاکستان کے نوجوان دنیا کے نوجوانوں سے کم نہیں ہیں، انشاء اللہ تیسری بین الصوبائی قائداعظم گیمز میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کرکے ہیٹ ٹرک کریں گے، گراس روٹ لیول سے نوجوانوں کا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے اسی سال پنجاب گیمز بھی منعقد کرائیں گے،ہمارے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں، انہوں نے ثابت کردیا کہ اگر درست تربیت اور رہنمائی کی جائے تو وہ عالمی مقابلوں میں میڈلز جیت سکتے ہیں، کھلاڑیوںنے سب سے زیادہ میڈلز جیت کر پنجاب کا سر فخر سے بلند کردیا ،کھلاڑیوں نے گیمز میں بہت اعلیٰ ڈسپلن کا مظاہرہ کیا جس پر ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتے رہیں گے، کوچز بھی مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی محنت رنگ لائی اور پنجاب پہلے نمبر پر رہا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں دوسری بین الصوبائی قائداعظم گیمز 2017ء میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سابق ہاکی اولمپیئن اختر رسول، ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ، رکن صوبائی اسمبلی فرزانہ بٹ، ڈویژنل، ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے دستے نے دوسری بین الصوبائی قائداعظم گیمز2017ء میں بہترین کارکردگی کامظاہرہ کیا، جس پر کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب نے قائداعظم گیمز کی تیاری کیلئے بھرپور محنت کی ،کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں کوچز نے جدید خطوط پر تربیت دی، اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہم سب کی محنت رنگ لائی اور پنجاب نے قائداعظم گیمز میں سب سے زیادہ 151میڈلز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے نقدانعامات دیئے جارہے ہیں، نوجوانوں کا ہدف قائداعظم گیمز کا میڈل حاصل کرنا ہی نہیں بلکہ عالمی مقابلوں کا گولڈ میڈل ہونا چاہئے۔

وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ پنجاب حکومت کھلاڑیوں کو بہترین اور جدید سہولتیں فراہم کررہی ہے، شہر شہر گرائونڈز ، سٹیڈیم اور جمنیزیم بنا رہے ہیںتاکہ نوجوان اپنے کھیل کو نکھار سکیں، نوجوان کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے رواں سال پنجاب گیمز منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے ، پنجاب گیمز کیلئے گلی، محلے کا ٹیلنٹ نکال کر لائیں گے اور اسے مزید پالش کریں گے، پنجاب گیمز سے سپورٹس کا کلچر بحال کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان محنت کریں مستقبل آپ کا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ دوسری بین الصوبائی قائداعظم گیمز کے انعقاد سے ملکی یکجہتی کو فروغ ملا جس میں دوسرے صوبوں کے کھلاڑیوں سے بھی تبادلہ خیال کا موقعہ بھی ملا، بلاشبہ ہمارے کھلاڑی چیمپئن بنے مگر انہوں نے قائداعظم گیمز سے بہت کچھ سیکھا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے قائداعظم گیمز کی تیاری کیلئے کھلاڑیوںکے ٹرائلز سے لیکر تربیت اور مقابلوں میں شرکت تک انتہائی محنت کی جس کا ثمر پہلی پوزیشن کی صورت میں ملا، اس میں اہم کردار ہمارے کوچز کا ہے جنہوں نے سو فیصد میرٹ پر عمل کرتے ہوئے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا اور بہترین ٹیمیں تیار کیں، میں تمام کھلاڑیوں ، کوچز اور آفیشلز کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتاہوں۔

سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے سپورٹس کا انفراسٹرکچر تیار کرلیا ہے آئندہ سالوں میں کھلاڑی یہ شکوہ نہیں کر سکیںگے کہ انہیں سہولتیں میسر نہیں، نوجوانوں کو بہترین سہولتیں دیتے رہیں گے، کھلاڑیوں کا کام صرف محنت کرنا ہے،ہم پرامید ہیں یہ ہمارے یہ کھلاڑی مستقبل میں ورلڈ ٹائیٹلز جیتیں گے۔سابق ہاکی اولمپیئن اختر رسول نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے بہت بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے، پنجاب کے نوجوانوں نے حق ادا کردیا ہے، کھلاڑی محنت کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ وہ کامیاب نہ ہوں،، اس کامیابی پر صوبائی وزیر کھیل جہانگیرخانزادہ، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان اور تمام ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، انہوں نے اپنے تجربات بتاتے ہوئے کہا کہ میں 9گھنٹے گرائونڈ میں رہ کر پریکٹس کرتا تھا ، اللہ تعالیٰ نے میری محنت کا پھل دیا میرے پاس چار عالمی گولڈ میڈلز ہیں۔

ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ نے خطبہء استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے جیت کے جذبے کے ساتھ قائداعظم گیمز میں شرکت کی جس کی وجہ سے کامیابی ان کا مقدر بنی، مینجمنٹ ٹیم کی انتھک محنت سے ہم سب سرخرو ہوئے، ہم صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ اور سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کے شکر گزار ہیں جن کی سرپرستی اور رہنمائی سے پنجاب قائداعظم گیمز میں پہلے نمبر پر رہا۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان، سابق ہاکی اولمپیئن اختر رسول اور ایم پی اے فرزانہ بٹ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :