کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرار دادیں محض کاغذ کا ٹکڑا ثابت ہوئی ہیں‘پروفیسر ساجد میر

منفی سیاست کرنے والوں کو سوچنا ہو گا کہ مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہو سکتاہے،اندرونی استحکام کے بغیرنہ بیرونی جارحیت کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے اور نہ عالمی رائے عامہ کی حمایت حاصل کی جاسکتی ہے‘امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث کا جمعہ کے اجتماع سے خطاب

جمعہ 2 فروری 2018 15:21

کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرار دادیں محض کاغذ کا ٹکڑا ثابت ہوئی ہیں‘پروفیسر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2018ء) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ منفی سیاست کرنے والوں کو سوچنا ہو گا کہ مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہو سکتاہے ،اندرونی استحکام کے بغیرنہ بیرونی جارحیت کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے اور نہ عالمی رائے عامہ کی حمایت حاصل کی جاسکتی ہے ،ملک سے دہشت گردی اور دوسرے کئی مسائل کو ختم کرنے کے لئے فوج کے ساتھ ساتھ سیاسی قیادت کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے اس امر کا اظہار جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ بھارت نے عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش میں ایک باقاعدہ مہم شروع ہے لیکن پاکستان کی جوابی حکمت عملی کہیں نظر نہیں آرہی۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی کو موثر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔پاکستان کے اپنے پرانے دوستوں کے ساتھ تعلقات میں گرم جوشی پیدا کرناہو گی ۔

بھارت الٹا پاکستان کو دہشت گر ملک ثابت کرنے کے لئے کوشاں ہے اور اسے تنہا کرنے کے لئے عمل پیرا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں نے اپنے مفادات کے لیے اقوام متحدہ کو استعمال کیا یہی وجہ ہے کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرار دادیں محض کاغذ کا ٹکڑا ثابت ہوئی ہیں۔ کشمیر کا مسئلہ کشمیر ی عوام کی امنگوں کے مطابق ہی حل ہو سکتا ہے ۔ہندوستان اور پاکستان کے خراب تعلقات کی جڑ مسئلہ کشمیر ہے۔

اسکے بغیر دوستی ہو سکتی ہے اور نہ تجارت ۔اس کی وجہ سے برصغیر کے ڈیڑھ ارب لوگ اذیت میں مبتلا ہیں۔ پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کی بحالی اور ترقی کے لیے اس تنازعہ کا حل ناگزیر ہے۔ کشمیر کی آزادی کے لیے چلائی جانے والی تحریک کو پراکسی وار بنا کر پیش کرنے میں بھارت کامیاب نہیں ہوسکتا۔