تجارتی‘ صنعتی و سماجی تنظیموںکیجانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پرتشویش و تحفظات کا اظہار

جمعرات 1 فروری 2018 23:41

سکھر۔یکم فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2018ء) تجارتی صنعتی و سماجی تنظیموںکیجانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پرتشویش و تحفظات کا اظہار کیا ہے، ایوانِ صنعت و تجارت سکھر کے صدرانجینئر عبدالفتاح شیخ اور ایوان کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے چیئرمین ظفر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے آمد و رفت اور سامان ِ تجارت کے نقل و حمل پر زائد اخراجات اُٹھتے ہیںجس سے تمام طبقہ ہائے زندگی براہِ راست متاثر ہوتے ہیں ۔

اشیائے خورد و نوش اور دیگر سامانِ تجارت کی قیمتوں میں فی الفور اضافہ ہوجاتا ہے جبکہ کاروباری اخراجات بھی بڑھ جاتے ہیں ۔ زائد لاگت کی وجہ سے ملکی صنعتی پیداوار اور تجارت پہلے ہی دبائو میں ہیں پیٹرولیم کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ معاشی پہیے کی روانی میں بڑی رُکاوٹ ثابت ہوگااور معاشی سرگرمیوں پر نہایت بُرے اثرات مرتب کرے گا۔

(جاری ہے)

حکومت پیٹرولیم پراڈکٹس میں اضافے پر نظر ثانی کرتے ہوئے سکھر ایوانِ صنعت و تجارت کی تجویز پر بالغ نظری اور وسعتِ قلب کے ساتھ غور کرے اور قیمتوں میں اضافہ واپس لے تاکہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی معاشی سرگرمیاں ترقی کی راہ پر گامزن رہیں۔

علاوہ ازیں آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے چیئرمین حاجی محمد ہارون میمن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تاجروں کے ہنگامی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمتیں بڑھانے سے جہاں تاجروں صنعتکاروں اور کاروباری حضرات کیلئے مشکلات پیدا ہونگی، وزیراعظم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لیں ، مذید براںسکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن اور آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر حاجی عبدالمتین بندھانی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ پراظہار تشویش کرتے کہا ہے کہ اس کے باعث مہنگائی کا طوفان اٹھے گا جس کی وجہ سے عوام بری طرح متاثر ہونگے ۔