بلوچستان بھر کے مزدوروں کے لئے یونین ہمہ وقت اپنی تمام تر وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لئے کوشاں ہے،صوبائی صدر ایریگیشن ایمپلائیز یونین بلوچستان علی بخش جمالی کا جلسہ سے خطاب

جمعرات 1 فروری 2018 23:11

ْ کوئٹہ۔یکم فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2018ء) بلوچستان ایریگیشن ایمپلائیز یونین (سی بی ای) کے جنرل کونسل کا جلسہ پریس کلب میںمنعقد ہوا ،جلسے کی صدارت پاکستان ورکرز کنفیڈریشن بلوچستان ریجن کے صوبائی چیئرمین حسن بلوچ تھے اور مہمان خاص پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے صوبائی صدر ماما عبدالسلام بلوچ تھے ۔ صوبائی صدر ایریگیشن ایمپلائیز یونین بلوچستان علی بخش جمالی نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان بھر کے مزدوروں کے لئے یونین ہمہ وقت اپنی تمام تر وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے ان کے حقوق کے لئے کوشاں ہے۔

آج بلوچستان بھر سے مزدوروں کی شرکت کی اس کامیاب جنرل کونسل کے انعقاد پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آج لائحہ عمل کا اعلان کرنا تھا مگر محکمہ ایریگیشن کی انتظامیہ نے چارٹر آف ڈیمانڈ اور مزدوروں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر احتجاجی مظاہرہ ختم کیا۔

(جاری ہے)

ایریگیشن انتظامیہ کی کمیٹی ایڈیشنل سیکرٹری سید شیر شاہ کی قیادت میں احتجاجی کیمپ پر پہنچ کر مزدوروں کے ساتھ خطاب کرتے ہوئے مطالبات کے حل کی یقین دہانی کروائی وفد میں ڈپٹی سیکرٹری ندیم شرجیل،ڈائریکٹر جوڈیشل سید ارشد شاہ اور تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز موجود تھے۔

ایڈیشنل سیکرٹری سید شیر شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو 20فیصد کوٹے کے تحت پروموشن دیا جائے گا،لواحقین کی بھرتی کا عمل شفاف اور میرٹ کے عین مطابق ہوگا،تمام ملازمین کے پروموشن خالی شدہ پوسٹوں پر کئے جائیں گے،ڈرلنگ ڈائریکٹوریٹ کے فعالیت کے لئے سمری ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو ارسال کردی ہے۔صوبائی صدر علی بخش جمالی نے ملازمین کو سروس رولز ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس کا کریڈٹ موجودہ کابینہ کو جاتا ہے اور نام نہاد لیڈروں کے منہ پر تمانچہ ہے اور ان کو یہ پیغام دیا کہ وہ خوشامند کرکے افسران کے آلہ کار نہ بنیں اب مزدوروں نے ان کے ڈھکے چہروں کو پہچان لیا ہے۔

صوبائی صدر نے کہا کہ حکام کی یقین دہانی پر احتجاج کو عارضی طور پر معطل کیا ہے ،جلسے میں جنرل سیکرٹری ایریگیشن ایمپلائیز یونین نعمت اللہ کاکڑ نے دوسالہ کارکردگی رپورٹ پیش کیا ،مزدوروں نے کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بھرپور نعرے بازی کی۔ جلسے سے زونل صدور حافظ عبدالقدوس ،عزیز اللہ،نصیر شاہ،احمد جان،ٹکری حبیب اللہ،عبدالطیف ،محمد ذکریا،سید ولایت شاہ،محمد پناہ،خلیل احمد،عطا محمد،قیصر خان،ریحان قمبرانی اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح جمہوری انداز میں جنرل کونسل کا اجلاس بلایا گیا اور کارکردگی رپورٹ پیش کیا اس ماضی میں مثال نہیں ملتی،آج علی بخش جمالی کی قیادت میں مزدور متحد و منظم ہیںاور مزدور اپنے قائدین پر جان نچاور کرنے سے گریز نہیں کرینگے۔

جلسے کے مہمان خاص ماما عبدالسلام بلوچ اور صدر جلسہ محمد حسن بلوچ،بی ڈی اے لیبر یونین کے صدر مقصود الرحمان ،ایگریکلچر ورکرز یونین کے صدر خدائے رحیم ،میٹرو پولیٹن اتحاد یونین کے جنرل سیکرٹری ندیم کھوکھر،آغا ذوالفقار شاہ،کنفیڈریشن کے نائب صدر سید کریم شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور موجودہ کابینہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور مبارکباد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :