لسبیلہ میں آنے والے زلزلے سے متاثرین کی بحالی کے لئے اہم اقدامات کئے جائیں گے، بیلہ میں ایل پی جی پلانٹ کی تکمیل کا کام آخری مراحل میں ہے، بلوچستان کے دو بڑے تعلیمی ادارے ریزیڈینشل کالج اوتھل اور پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ اوتھل کو جلد فنکشنل کیا جائے گا، وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال خان

جمعرات 1 فروری 2018 23:11

کوئٹہ۔یکم فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2018ء) وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال خان نے کہا ہے کہ لسبیلہ میں آنے والے زلزلے سے متاثرین کی بحالی کے لئے اہم اقدامات کئے جائیں گے‘ بیلہ میں ایل پی جی پلانٹ کی تکمیل کا کام آخری مراحل میں ہے‘ بلوچستان کے دو بڑے تعلیمی ادارے ریزیڈینشل کالج اوتھل اور پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ اوتھل کو جلد فنکشنل کیا جائے گا‘ بیلہ کی ترقی اور یہاں کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنا میرا نصب العین ہے اور ہم نے لسبیلہ کی تعمیر و ترقی کے لئے جہاں تک ہو سکا ہے بہت کام کیا ہے خاص کر دور دراز علاقوں میں شمسی توانائی کے ذریعے پانی اور بجلی جیسی بنیادی ضروریات فراہم کیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیلہ میں اپنی رہائش گاہ میں ضلع بھر سے آئے ہوئے ہوئے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جام کمال خان نے کہا کہ لسبیلہ کے نوجوان پروفیشنل تعلیم حاصل کریں تاکہ سی پیک منصوبے شروع ہوتے ہی ان کو روزگار فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جلد لسبیلہ کے دوسرے شہروں میں بھی ایل پی جی پلانٹ لگانے کا کام شروع کیا جائے گا۔

جام کمال نے کہا کہ کل آنے والے زلزلے سے کافی مالی نقصان ہوا ہی.پی ڈی ایم اے کی ٹیم بھی بیلہ پہنچ چکی ہے متاثرین کی جلد بحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ لسبیلہ میں ترقیاتی اسکیمات پر نہ رکنے والا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل لسبیلہ غلام اکبر شیخ، اسسٹنٹ کمشنر بیلہ عزت نزیر بلوچ، محمد عمر لاسی، رشید پھوراء، سردار روئیداد خان رونجھو، وڈیرہ علی محمد گدور، پریا مرس اللہ بچایا رونجھو، صوبہ خان مری اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :