فریال تالپور سینٹ انتخابات میں حصہ نہیں لے رہی ، اس طرح کی خبر دینا پیپلز پارٹی کیخلاف جھوٹی خبروں کی اعلیٰ ترین مثال ہے ، بلاول بھٹو زرداری

جھوٹی خبریں آزاد صحافت پر حملہ ہیں، تحریک عدم اعتماد سیاسی طریقہ ہے، (ن) لیگ کے اپنے ممبران نے وزیر اعلیٰ کے خلاف آواز اٹھائی،بلوچستان کو اشتہاری مہم کے لئے استعمال کیا شریف ہاؤس میں لڑائی کا فائدہ سینٹ انتخابات میں اٹھائیں گے، چیئرمین پیپلز پارٹی توہین عدالت اور سوموٹو کے قوانین کا قائل نہیں ۔ نہال ہاشمی کو تو سزا دے دی گئی مگر عدالتوں پر حملے کرانے والوں اور ججوں کو گرفتار کرانے والے کا کیا ہو گا، مشرف بھگوڑا ہے وہ ملک سے بھاگ گیا، انٹرویو

جمعرات 1 فروری 2018 23:03

فریال تالپور سینٹ انتخابات میں حصہ نہیں لے رہی ، اس طرح کی خبر دینا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 فروری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جھوٹی خبریں آزاد صحافت پر حملہ ہیں۔ فریال تالپور کو چیئر مین سینٹ بنائے جانے کی خبر پیپلز پارٹی کے خلاف جھوٹی خبروں کی اعلیٰ ترین مثال ہے وہ سینٹ کے انتخابات میں حصہ نہیں لے رہیں۔ تحریک عدم اعتماد سیاسی طریقہ ہے۔

(ن) لیگ کے اپنے ممبران نے وزیر اعلیٰ کے خلاف آواز اٹھائی۔ نواز شریف نے بلوچستان کو اشتہاری مہم کے لئے استعمال کیا شریف ہاؤس میں لڑائی کا فائدہ سینٹ انتخابات میں اٹھائیں گے۔ توہین عدالت اور سوموٹو کے قوانین کا قائل نہیں ۔ نہال ہاشمی کو تو سزا دے دی گئی مگر عدالتوں پر حملے کرانے والوں اور ججوں کو گرفتار کرانے والے کا کیا ہو گا۔

(جاری ہے)

مشرف بھگوڑا ہے وہ ملک سے بھاگ گیا۔

نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ عالمی میڈیا پر دہشتگردی اور انتہا پسندی پر سوالات کئے جاتے ہیں۔ اور کوشش ہوتی ہے کہ پاکستان کا مؤقف دنیا بھر میں پہنچائیں ۔ پاکستان کا دہشتگردی پر واضح موقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جھوٹی خبر کی جنگ پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا ۔ یہ متنازع ہے تاہم پاکستان میں جھوٹی خبر ہمارے لئے نئی چیز نہیں ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ جھوٹی خبروں کا نشانہ بنتی رہی ہے۔ ہمارے قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وقت ادھر ہم ادھر تم کی جھوٹی خبر چلائی گئی جو آج تک چل رہی ہے ۔ بے نظیر بھٹو کے خلاف بھی بہت سی جھوٹی خبریں چلائی جاتی رہیں۔ پھر سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف ٹانگ پر بم باندھنے اور دیگر جھوٹی خبریں چلائی گئیں۔ سابقہ دور میں میمو گیٹ اور دیگر سکینڈلز، ججوں کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی جھوٹی خبریں چلائی گئیں اور جھوٹی خبروں پر احکامات بھی دیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹی خبروں کے موضوع پر بحث ہونی چاہیئے ۔ ہمیں تعلیم کو بہتر کرنا اور عام آدمی کو سکھانا ہے کہ صحافت کیا ہے اکیسویں صدی میں جعلی خبریں بڑا مسئلہ ہے انہوں نے کہا کہ جھوٹی خبریں چلانے والے صحافت کے دشمن ہیں۔ چند لوگ پورے نظام کو خراب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فریال تالپور کو چیئر مین سینٹ بنائے جانے کی خبر جھوٹی خبر کی اعلیٰ ترین مثال ہے ۔

فریال تالپور تو سینٹ کے انتخابات میں حصہ بھی نہیں لے رہیں وہ سندھ یا قومی اسمبلی کا انتخاب لریں گی جس کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ کے انتخابات صوبوں میں ارکان کی تعداد پر وہتا ہے ہم شریفوں کی لڑائی کا فائدہ تو اٹھائیں گے اور کوشش کریں گے کہ ہر صوبے سے ہمارے امیدوار کامیاب ہوں ۔ پنجاب اور دیگر صوبوں میں (ن) لیگ جتنے ایم پی ایز سمجھتی ہے کہ ان کے ساتھ ہیں اتنے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے لئے نیک خواہشات ہیں بلوچستان میں تخت لاہور کے خلاف نفرت ہے ۔ (ن) لیگ کے اپنے لوگوں اور اتحادیوں نے ان کو وزیراعلیٰ کے خلاف آواز اٹھائی۔ بلوچستان میں تبدیلی سیاسی ہے ۔ نواز شریف نے بلوچستان کو صرف اشتہاری مہم کے لئے استعمال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے پیپلز پارٹی پر الزام لگا رہی ہے ۔

ان کے اپنے ارکان اسمبلی استعفے دے رہے ہیں۔ ایک سوال پر کہا کہ رضا ربانی نے ٹکٹ کے لئے درخواست دی ہے ۔ فیصلہ پارٹی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین جی ٹی روڈ کی لڑائی لڑتے رہے پاکستان پیپلز پارٹی اپنا کام آتی رہی ۔ ہم نے صحت ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں کام کیا۔ ہم نے دل کے ہسپتال کھولے ہیں ہم ایک شہر پر توجہ نہیں رکھ رہے۔ سندھ کے دیگر شہروں میں دل کے ہسپتال کھولے ۔

جہاں پورے پاکستان کے لوگوں کا مفت علاج ہو رہا ہے۔ ہم غریب عورتوں کو بلا سود قرضے دے رہے ہیں۔ بے نظیر سپورٹ پروگرام دنیا میں مانا جاتاہے ہم نے 6لاکھ لوگوں کو غربت سے نکالا ہے۔ ہماری توجہ انسانی ترقی پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ راؤ انوار کو ڈیڈھ سال قبل جب نکالا گیا تو (ن) لیگ اور تحریک انصاف نے احتجاج کیا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف کام کرنے والے افسر کو نکالا جا رہا ہے آج اسی افسر کا تعلق پیپلز پارٹی سے جوڑا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں ہو رہا جب وفاقی وزیر داخلہ کالعدم تنظیموں کو اپنے دفتر میں دعوت دے تو کوئی صوبہ دہشتگردی کے خلاف کیا کر سکتا ہے۔ سندھ میں ہم جرائم کی شرح کو نیچے لے کر آئے ہیں۔ ہمیں نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرنا ہو گا۔ جس میں مدرسہ اور فاٹا ریفارمز بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو اپنی والدہ کا قائل سمجھتا ہوں محترمہ نے خود کہا تھا کہ اگر انہیں مار دیا گیا تو مشرف ذمہ دار ہوں گے۔

بے نظیر پر حملے کی جگہ کو دھو دیا گیا۔ مشرف جانتا ہے وہ قصور وار ہے اس لئے بھاگا ہوا ہے۔ مشرف نے بے نظیر کی سکیورٹی ثبوتاژ کی مشرف پر حملہ ہوا تو جائے وقوعہ کو نہیں دھویا گیا انہوں نے کہا کہ بے نظیر کیس میں 11بار ججوں کو تبدیل کیا گیا ایک کمزور فیصلہ کیا اور قصور واروں کو چھوڑ دیا گیا۔ ہم چاہتے ہیں کہ عدلیہ ہمیں انصاف دے اور عدلیہ مضبوط ہو ۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی طور پر سیاستدانوں کے خلاف توہین عدالت اور سیاسی سزائیں دیے کا مخالف ہوں۔ نہال ہاشمی کو سزا دے دی گئی مگر اس آدمی کا کیا ہو گا جس نے ججوں کو گرفتار کیا جس نے عدلیہ پر حملے کرنے کا کہا ۔ ہم قانون کی حکمرانی کی بات کرتے ہیں جہاں سب کے لئے ایک ہی قانون ہو۔۔