پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے قابل مذمت اقدام کا مقصد جان بوجھ کر ملک میں غربت کو بڑھانا ہے، بلاول بھٹو زرداری

جمعرات 1 فروری 2018 23:10

پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے قابل مذمت اقدام کا مقصد جان بوجھ کر ملک ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کو عوام پر ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس قابل مذمت اقدام کا مقصد جان بوجھ کر ملک میں غربت کو بڑھانا ہے۔ اپنے پیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود نون لیگی حکومت کا قیمتوں میں مسلسل اضافہ معاشی طور عوام کا گلا دبانے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ واضح نظر آتا ہے کہ عوام کو لوٹنے کے بعد شریف برادران نے ایک بار پھر جاتی امرا کو کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اسی لیئے وہ مسلسل عوام پر پئٹرول بم پھینک رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ ان کی پارٹی نون لیگی حکومت کا اپنے آفشور صدر نواز شریف، جو عوام کے خون کا آخری قطرہ نچوڑنے پر تلے ہوئے ہیں، کی نااہلی کا انتقام لینے کے لیئے پاکستانیوں پر اس طرح کے معاشی حملے برداشت نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اس طرح کا بیرحمانہ اضافہ مہنگائی کے طوفان کو جم دے گا۔ انہوں نے مطالبا کیا کہ پئٹرول کے نرخ عالمی قیمتوں کے مطابق کم کی جائیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی پی نے یہ ثابت کیا ہے کہ اس کی قیادت کا جینا مرنا پاکستان کی عوام کے ساتھ ہے اور عوام پر اس طرح کے معاشی حملے کے خلاف ہر فورم پر لڑے گی۔