محمد زبیر کا بطور گورنر ایک سال مکمل ، اپنے اوپر اعتماد پر وفاقی حکومت کا مشکور ہوں ، صوبہ اور ملک کے عوام کی خدمت جاری رکھوں گا، گورنر سندھ

جمعرات 1 فروری 2018 22:56

محمد زبیر کا بطور گورنر ایک سال مکمل ، اپنے اوپر اعتماد پر وفاقی حکومت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر کو بطور گورنر کو بطور گورنر سندھ فرائض کی ادائیگی کرتے ہوئے ایک سال مکمل ہوگیا۔ 2 فروری کو صوبہ کے 32 ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھانے والے محمد زبیر اس سے قبل نجکاری کمیشن کے چیئرمین / وزیر مملکت کے بطور پر خدمات انجام دے رہے تھے جبکہ موجودہ وفاقی حکومت کے قیام کے بعد ان کی پہلی ذمہ داری بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سربراہ کے طور پر تھی گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کی اولین ترجیح معیشت کی بحالی اور صوبہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ کی جانب رہی ہے۔

اس دوران انہوں نے صنعت کاروں کے تمام وفود سے مسلسل ملاقاتوں کے علاوہ ان کے دفاتر کے دورے بھی کئے اور معیشت سے متعلق مختلف پروگراموں میں شرکت بھی کی۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ ہر تجارتی تنظیم اور صنعت کاروں کی ایسوسی ایشنز سے گزشتہ سال کے دوران ایک مرتبہ سے زائد ملے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد نہ صرف تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل حل کرنا تھا بلکہ معیشت کی ترقی کے لئے اقدامات کا جائزہ بھی لینا تھا۔

معیشت سے متعلقہ اجلاسوں کے ساتھ ساتھ صوبہ کے مختلف اسٹیک ہولڈرز خصوصاً سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی گورنر سندھ نے باہمی مشاورت کا سلسلہ شروع کیا تاکہ عوام کی بہتر خدمات کے لئے حکمت عملی طے کی جاسکے یہاں تک کہ گورنر سندھ پاکستان تحریک انصاف کی دعوت پر شانتی نگر گئے اور مسائل کے حوالے سے منعقدہ ایک جلسہ میں بھی شرکت کی۔ گورنر سندھ اپنے خیالات کے برملا اظہار کے حوالے سے بہت شہرت رکھتے ہیں اور وہ قومی معاملات پر اپنی رائے دینے سے کبھی نہیں ہچکچاتے کیونکہ ان کے نزدیک معاملات پر گفت شنید اور بحث و مباحثہ مسائل کو حل کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

گورنر سندھ نے ملک میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کی تشہیر اور معیشت کے بارے میں اصل تاثر اجاگر کرنے کے لئے قطر ، متحدہ عرب امارات ، امریکہ اور برطانیہ کا دورہ بھی کیا تاکہ پاکستان کا کیس پیش کیا جاسکے۔ گورنر سندھ نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور طالب علموں کی حوصلہ افرائی کے لئے سرکاری اور نجی جامعات کے ہونہار طالب علموں کے لئے تعریفی اسناد اور نقد انعام کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے جس کی تمام حلقوں کی جانب سے پذیرائی کی گئی ہے گورنر سندھ نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ سندھ کے عوام کے لئے بہتر سہولیات کی دستیابی ان کا حق ہے اور جب تک وہ گورنر رہیں گے اس ضمن میں کاوشیں جاری رکھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں تھر ترقی کی ایک نمایاں مثال ہے تھر میں 4.5 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی کوئی مثال نہیں ملتی اور نہ ہی سی پیک میں توانائی کے 34 ارب ڈالرز جیسی سرمایہ کاری کہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک حقیقی معنوں میں گیم چینجر ہے جس سے نہ صرف ملک کی معیشت بہتر ہوگی بلکہ روزگار کے بے شمار مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل ، افرادی قوت اور دیگر سہولیات سے مالا مال ملک ہے اور اب جبکہ اس کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اگلے 10 سال پاکستان کا سنہرا ترین دور ثابت ہوںگے۔ انہوں نے اپنے اوپر اعتماد پر وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صوبہ اور ملک کے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :