سیشن کورٹ میں فائرنگ سے شہید ہونیوالے کانسٹیبل آصف کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی،پولیس کے دستے نے سلامی دی

نماز جنازہ میں آئی جی پنجاب عارف نواز ، امین وینس ،حیدر اشرف ،رکن اسمبلی میاں اسلم اقبال ،سلطان چوہدری سمیت دیگر کی شرکت فائرنگ کرنے والے ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے،سیشن کورٹ میں سکیورٹی پر کوئی کمی بیشی ہوئی تو اسے بھی پورا کریں گے‘ عارف نواز

جمعرات 1 فروری 2018 22:50

سیشن کورٹ میں فائرنگ سے شہید ہونیوالے کانسٹیبل آصف کی نماز جنازہ ادا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 فروری2018ء) سیشن کورٹ میں فائرنگ سے شہید ہونے والے کانسٹیبل آصف کی نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کر دی گئی اور پولیس کے دستے نے شہید کو سلامی دی۔ نماز جنازہ میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز ، سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس ، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف ، تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی میاں اسلم اقبال ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان چوہدری ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن مبشر میکن ، ایس ایس پی آپریشنز منتظر مہدی ، سی ٹی او رائے اعجاز احمد ، ایس پی ہیڈ کوارٹر عاطف نذیر ، ایس پی محمد ابرار ، ایس پی سٹی علی رضا اور اے ایس پی زبیر سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی ۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد پولیس کے دستے نے شہید کو سلامی دی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مرحوم کی مغفرت اور روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا بھی کی گئی۔آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل آصف دوران ڈیوٹی شہید ہوا ہے اور فائرنگ کرنے والے ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ سیشن کورٹ میں سکیورٹی پر کوئی کمی بیشی ہوئی تو اسے بھی پورا کریں گے ۔ واضح رہے کہ بدھ کے روز سیشن کورٹ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں مخالف گروپ کی فائرنگ سے زیر حراست ملزم ملک امجد جاں بحق ہوا جبکہ گولی لگنے سے کانسٹیبل آصف بھی شہید ہو گیا تھا ۔