راولپنڈی،کسی حکمران نے ملک میں احتساب کے عمل کو مضبوط نہ ہونے دیا ،سیف الرحمان خان

کرپشن آج پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ،رائو انوار کو روپوش ہونے کا پورا موقع فراہم کیا گیا ،تمام لٹیرے اکھٹے ہیں عوام کو بھی کسی انقلابی قیادت میں منظم ہو نا ہو گا، جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک

جمعرات 1 فروری 2018 21:43

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 فروری2018ء) پاکستان عوامی تحریک ضلع راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری سیف الرحمان خان نے کہاہے کہ کسی حکمران نے ملک میں احتساب کے عمل کو مضبوط نہ ہونے دیا یہی وجہ ہے کہ کرپشن آج پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے،کراچی میں پولیس مقابلے میں مارے جانے والے انتظارکے والدکا کہنا ہے کہ سب افسران ایکدوسرے کا بچارہے ہیں،میری یک نہیں سنی جارہی ،اسی طرح پریس کانفرنس میں شہباز شریف نے بھی زینب کے والدکے مائک بند کر کے انہیںدل کی بات نہ کہنے دی، رائو انوار کو روپوش ہونے کا پورا موقع فراہم کیا گیا ،تمام لٹیرے اکھٹے ہیں عوام کو بھی کسی انقلابی قیادت میں منظم ہو نا ہو گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈھوک چوہدریاں میںپاکستان عوامی تحریک پی پی 10کے صدر حاجی ظہیرا لزمان کی رہائش گا ہ پر معززین علاقہ سے ایک ملاقات میں کیا ۔

(جاری ہے)

سیف الرحمان خان نے کہاکہ نواز شریف ،زرداری اور مشرف ہر ایک نے ایکدوسرے کو تحفظ دیا ،شہباز شریف کی کرپشن بے نقاب ہونے لگی تو میٹرو لاہور ،نندی پور اور ایل ڈی اے کے ریکارڈ جل گئے، زرداری کی باری آئی تو مقدمات کے اصل کاغذات چوری ہو گئے جبکہ پرویز مشرف کو گارڈ آف آنر دے کر رخصت کیا گیا ،کسی گھرانے کو اپنی ایک بیٹی بیاہنی ہو تو لڑکے اور اس کے خاندان بارے خوب چھان پھٹک کی جاتی ہے مگر ساری قوم کی بچیوں کا مستقبل اس ملک کو باربار لوٹنے والے حکمرانوں کے سپرد کر دیا جاتا ہے ،باکردار کا ساتھ دیں نہ بدعنوان کا محاسبہ کریں تو پھر ہمیں روز بروز بڑھتی مہنگائی ،بیروزگاری اور کرپشن پر شور مچانے کا کوئی حق حاصل نہیں، ۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکن گھر گھر جاکر لوگوں کو استحصالی نظام کی قباحتوں سے آگاہ کر رہے ہیں،عوام اگر باوقار مستقبل چاہتے ہیں تو انہیں آئیندہ نااہل اور لٹیرے سیاست دانوں کو ووٹ دینے سے توبہ کرنی ہوگی۔