تحریک ختم نبوت مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی

،پیٹرول بم گرانے والی حکومت عوام دشمن ہے ، خواجہ سیالوی اور شہباز شریف کی کمیٹی کا تاحال اجلاس نہ ہو نا تشویشناک ہے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی سنی اتحاد کونسل خیبر پختونخوا کے عہدیداران سے گفتگو

جمعرات 1 فروری 2018 20:37

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 فروری2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ تحریک ختم نبوت مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔پیٹرول بم گرانے والی حکومت عوام دشمن ہے۔ خواجہ سیالوی اور شہباز شریف کی کمیٹی کا تاحال اجلاس نہ ہو نا تشویشناک ہے۔ کمیٹی کی سفارشات ماننے یا نہ ماننے کا فیصلہ سنی اتحاد کونسل کی کور کمیٹی کرے گی۔

سنی اتحاد کونسل تحریک ختم نبوت سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ہمارا ہدف نظام مصطفیٰ کی حکمرانی قائم کرنا ہے۔آئندہ الیکشن غلامان رسول اور غلامان امریکہ کے درمیان ہو گا۔ نواز شریف عوام کو عدلیہ کے خلاف اکسا کر ملک میں انارکی پھیلانا چاہتا ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے۔

(جاری ہے)

امریکی غلامی سے نجات کے لئے خودداری اور خود انحصاری کا راستہ اختیار کرنا ہو گا۔

وہ جمعرات کو سنی اتحاد کونسل خیبر پختونخوا کے عہدیداران سے گفتگو کر رہے تھے ۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنا کر دم لیں گے۔ نواز شریف کی چیخ و پکار ووٹ کے تقدس نہیں سزاؤں سے بچنے کے لئے ہے۔ ن لیگ سیاسی جماعت نہیں مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے۔ ن لیگی حکومت نے کوئی انتخابی وعدہ پورا نہیں کیا۔ اہل سنت متحد ہو کر انتخابی میدان میں اتریں گے۔

چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ غریب عوام کو تعلیم، علاج اور سوشل سیکورٹی فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں حالانکہ عوام کو بنیادی انسانی ضروریات کی فراہمی حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔ پوری حکومتی مشینری عوامی مسائل سے غافل ہو کر نواز شریف کے دفاع میں مصروف ہے۔ غلامان امریکہ کو آئندہ الیکشن میں شکست فاش دیں گے۔ 2018 کے دوران سیاست کے رنگ ڈھنگ بدل جائیں گے۔ عدالتی فعالیت کے لئے چیف جسٹس کے اقدامات لائق تحسین ہیں۔