سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی بلوچستان سے 6سے 7 نشستیں حاصل کریگی، حاجی علی مدد جتک

بہار میں پرندے پیپلز پارٹی کی شاخ پر بیٹھیں گے،مسلم لیگ (ن) ا پنے اوپر خودکش حملہ کر وانا چاہتی ہے، پریس کانفر نس

جمعرات 1 فروری 2018 18:24

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2018ء) پا کستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی بلوچستان سے 6سے 7سینیٹ کی نشستیں حاصل کریگی، بہار میں پرندے پیپلز پارٹی کی شاخ پر بیٹھیں گے ،مسلم لیگ (ن) ا پنے اوپر خودکش حملہ کر وانا چاہتی ہے ،پیپلزپارٹی کے ہمیشہ اقلیتوں کا تحفظ کیا ہے اقتدار میں آکر اقلیتوں کو حقوق کی فراہمی یقینی بنا ئیں گے رام چند زہری میرے لئے آج سے رام چند بھٹوہیں ،یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں رام چند زہری اور دیپک کمار کے مسلم لیگ (ن) سے مستعفیٰ ہوکر پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر پر یس کانفرنس کر تے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکر ٹری سید اقبال شاہ، سیکر ٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی ،ثنا ء اللہ جتک،سردار سرور سلیمان خان و دیگر بھی انکے ہمراہ تھے ،حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنے اوپر خودکش حملہ کروانا چاہتی ہے اس لئے وہ جان بوجھ کر ایسے اقدامات کر رہی ہے کہ انہیں سیاسی شہید کر دیا جائے اور وہ اگلے الیکشن میں اسی نعرے کے ساتھ عوام کی ہمددری حاصل کرسکیں انہوں نے کہا کہ ایک ماہ میں تین بار پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنا عوام کا معاشی قتل کر نے کے مترادف ہے پوری دنیا میں ایسی مثال کہیں نہیں ملتی کہ حکومت جاتے جاتے عوام پر منگائی کے بم گرائے اور قیمتوں میں من مانا اضافہ کر کے عوام سے ساتھ زیادتی کر ے ،انہوں نے کہا کہ اگر چہ ہمارا صوبائی اسمبلی میں کوئی رکن نہیں ہے مگر بلوچستان قبا ئلی صوبہ ہے یہاں سب کے ذاتی تعلقات ہیں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے دوستوں اور قبائلی شخصیات کے ساتھ رابطے میں ہیں انشاء اللہ سینیٹ کے 6سے 7نشستیں حاصل کر نے میں کا میاب ہوں گے ہمارے ساتھ اللہ کی مہربانی اور عوام کی دعائیں ہیں جو ہمیں کا میابی سے ہمکنار کروائیں گی ،انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں ابھی وقت ہے اس کے لئے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا لیکن بہار کے موسم میں پرندے پیپلز پارٹی کی شاخ پر بیٹھیں گے اور ہم کامیاب ہوں گے ،انہوں نے دیپک کمار اور رام چند زہری کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کر تے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے ہندو براردری صوبے میں فعال ہوگی اور وہ پارٹی پیغام گھر گھر پہنچا نے کے لئے بھر پور کردار ادا کریں گے ،رام چند زہری میرے لئے آج سے رام چند بھٹوہیں پیپلز پارٹی نے پہلے بھی اقلیتوں کے حقوق کی جدو جہد کی ہے اور قربا نیاں دی ہیں اور آئندہ بھی اسی روش پر کام کریں گے ،اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے دیپک کمار اور رام چند زہری نے کہا کہ ہم 20سال سے سابق وزیر اعلی نواب ثنا ء اللہ زہری کے ساتھ تھے لیکن اب ہم نے پیپلز پارٹی میں با قاعدہ طور پر شمو لیت اختیار کر لی اور آئندہ ہماری سیاست پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے ہوگی انہوں نے کہا کہ ہم حب اور زہری میں پیپلزپارٹی کو مزید فعال بنا نے کیلئے بھر پور کردار ادا کریں گے ہمیں پارٹی چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے ۔