پاکستان کی معاشی، دفاعی قوت کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے ملک کی خالق جماعت کا کوئی نعم البدل نہیں، سینیٹ کے انتخابات میں سندھ کے اراکین صوبائی اسمبلی حب الوطنی کی نئی تاریخ رقم کریں گے، نائب صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی

جمعرات 1 فروری 2018 18:21

کراچی ۔ یکم فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2018ء) سندھ سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینیٹ کے لئے متوقع امیدوارحکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے نائب صدر حاجی ایس ایم شاہجہاں نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی اور دفاعی قوت کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے ملک کی خالق جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کا کوئی متبادل ملک میں موجود نہیں۔

قوم ملک بچانے کے لئے میدان عمل میں نکلے جعلسازوں اور جھوٹے نعرے لگانے والوں کے فریب سے بچنے کے لئے قوم متحد ہے ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) واحد سیاسی قوت ہے جو ریاست ،سیاست اور جمہور کی بہترین نمائندگی کا حق ادا کرتی رہی ہے اور مستقبل میں بھی ریاست کی بقاء کا فریضہ سرانجام دیتی رہے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما حاجیٓ شاہجہاں نے کہا کہ پارٹی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے سندھ سے سینیٹ کے انتخاب میں حصہ لینے کے لئے پارٹی ٹکٹ کی درخواست کی ہے، قائد میاں محمد نواز شریف اور مرکزی قائدین کے حتمی فیصلے پر عمل کرتے ہوئے سینیٹ کے انتخابی عمل میں بھرپور طریقے سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نمائندگی کی جائے گی۔

حاجی ایس ایم شاہجہاں نے کہا کہ سندھ میں ہمارے اراکین صوبائی اسمبلی کا ووٹ سندھ سمیت ملک بھر کی سیاست کا رخ متعین کرے گا، سندھ اسمبلی کے پاکستان مسلم لیگ(ن) اور اتحادی جماعتوں کے معزز اراکین کی بڑی اکثریت کے ساتھ رابطوں کے بعد اس بات کا یقین ہوگیا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات میں سندھ کے اراکین صوبائی اسمبلی حب الوطنی کی نئی تاریخ رقم کریں گے۔ سینیٹ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) چاروں صوبوں میں بھرپورکامیابی حاصل کر کے وفاق پاکستان کی خدمت اور عوام کی بہبود کے نئے سفر کا آغاز کرے گی۔