کراچی،صوبائی وزیر میر ہزار خان بجرانی اور اہلیہ کی لاشیں ڈیفنس سے برآمد

میر ہزار خان بجارانی سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 16 سے ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی وزارت کا قلمدان تھا

جمعرات 1 فروری 2018 16:46

کراچی،صوبائی وزیر میر ہزار خان بجرانی اور اہلیہ کی لاشیں ڈیفنس سے برآمد
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 فروری2018ء) صوبائی وزیر میر ہزار خان بجرانی اور ان کی اہلیہ فریحہ رزاق کی لاشیں ڈیفنس میں واقع ایک گھر سے برآمد ہوئی ہیں۔ جمعرات کوکراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک گھر سے صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی لاشیں ملی ہیں۔ صوبائی وزیر کے پرائیوٹ سیکریٹری اللہ ورایو نے تصدیق کی ہے کہ میر ہزار خان بجارانی مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

میر ہزار خان بجارانی کی موت کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے اور معاملے کی تحقیقات کے لئے پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزرا بھی میر ہزار خان بجارانی کے گھر پہنچ رہے ہیں۔میر ہزار خان بجارانی کا تعلق کرم پور تعلقہ تنگوانی ضلع کشمور کندھ کوٹ سے تھامیر ہزار خان بجارانی کا شمار پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر ترین رہنما ئو ں میں ہوتا ہے، وہ 1990 سے 1993 اور 1997 سے 2013 تک رکن قومی اسمبلی رہے۔2013 کے عام انتخابات میں میر ہزار خان بجارانی سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 16 سے ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے اور اس وقت ان کے پاس پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی وزارت کا قلمدان تھا۔ وہ جیکب آباد سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے