یکم سے 11 فروری تک شہید بینظیر کے نام سے شہر کے مختلف مقامات پر فیسٹول کا انعقاد کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ

بدھ 31 جنوری 2018 23:41

لاڑکانہ۔31جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2018ء) ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کاشف ٹیپو نے اسسٹنٹ کمشنر نور مصطفیٰ لغاری اور دیگر افسران کے ہمراہ لاڑکانہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یکم فروری سے 11 فروری تک شہید بینظیر کے نام سے شہر کے مختلف مقامات پر فیسٹول کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، ایم این اے فریال تالپور اور وزیراعلیٰ سندھ کی آمد متوقع ہے جنہیں دعوت نامے بھیجے جاچکے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فیسٹیول میں بچوں کے ٹیبلوز، تقاریر مقابلے، جونیئر گیمز جس میں ہاکی، کرکٹ، بیڈمنٹن، فٹ بال اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں میں لاڑکانہ اور گرد و نواح کے شہروں سے تعلق رکھنے والے اسکول کے بچے حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ایک فیملی فیسٹیول ہوگا کیونکہ لاڑکانہ میں فیملیز کے لیے تفریح کے مقامات کی کمی ہے فیسٹیول میں خواتین و بچے لطف اندوز ہونگے۔

انہوں نے کہا کہا کہ 8 اور 9 فروری کو سمبارہ ہوٹل میں خواتین کے لئے مینا بازار کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مہندی لگانے سمیت دیگر مقابلوں میں اسکول و کالج کی طالبات اور خواتین حصہ لیں گی، آرٹس کائونسل لاڑکانہ میں 8 فروری کو ڈرامہ تھیٹر اور 9 فروری کو لاڑکانہ کے تاریخی مقامات اور شخصیات کا اجاگر کرنے کیلئے پروگرام منعقد کیا جائیگا جبکہ انہی دنوں میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری اسکول کے طلبہ و طالبات کے مقابلے بھی ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پائلٹ ہائیر سیکنڈری اسکول لاڑکانہ میں طلبہ و طالبات کیلئے اسکائوٹس کیمپنگ کا انعقاد کیا جائیگا۔ ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ نے کہا کہ میونسپل اسٹیڈیم لاڑکانہ میں سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ اور ایل ڈی ایف اے کے تعاون سے فلاور شو، برڈ شو، فوڈ کورٹ، کلچرل شو، ایگریکلچرل مشنری ڈسپلے، ہارس کیٹل شو اور فن لینڈ کا انعقاد کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب یکم فروری کو جبکہ اختتامی تقریب 10 فروری کو ہوگی جبکہ 11 فروری کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو میونسپل اسٹیڈیم کی گرائونڈ پر میوزیکل نائٹ منعقد کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :