میئر سکھرکیجانب سے شہر میں مختلف ناموں سے منرل واٹر کی فروخت کا نوٹس، پانچ رکنی کمیٹی کی تشکیل

بدھ 31 جنوری 2018 23:40

سکھر۔31جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2018ء) میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے شہر میں مختلف ناموں سے منرل واٹر کی فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے ، ترجمان میونسپل کارپوریشن نذیر متین کے جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق کمیٹی میںیو سی چیئرمینز ڈاکٹر علی نواز کھوسو ، ڈاکٹر عبدالخالق جتوئی ، بہاول علی سرہیو ، سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر طفیل احمد شیخ ،فوڈ انسپکٹر امداد علی شیخ شامل ہیں ۔

مذکورہ کمیٹی نے بلدیہ افسران میونسپل کمشنر منصور احمد سومرو ، ٹیکسیشن آفیسر خالد جتوئی ، ، او ایس ہیلتھ برانچ عطاء الرحمن اور آغا جاوید کے ہمراہ سائٹ ایریا میں منرل واٹر بنانے والی فیکٹریوں پر چھاپے مارے جہاں 3 منرل واٹر تیار کرنے والی فیکٹریوں کے پاس نہ تو لائسنس تھا اور نہ ہی لیبارٹی سرٹیفکیٹ موجود تھا ، اسی طرح منرل واٹر بنانے والی ایک فیکٹری میں تین مختلف ناموں سے منرل واٹر تیار کیا جارہا تھا ، فیکٹری مالکان کی عدم موجودگی کے باعث میونسپل کمشنر منصور احمد سومرو نے فیکٹری کے عملے کو ہدایت کی کہ وہ تمام دستاویزات کے ہمراہ دفتر پہنچیں تاکہ دستاویزات کی انکوائری اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے شہر میں فروخت کئے جانے والے منرل واٹر کے نمومنے حاصل کرنے کیلئے فروخت کنندگان سے منرل واٹر کے نمونے حاصل کئے تاکہ ان نمونوں کے لیبارٹری ٹیسٹ کرائے جاسکیں ، پانی کے جو نمونے مضر صحت پائے گئے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی جبکہ کمیٹی کے ممبران اور افسران نے منرل واٹر بنانے والی فیکٹریوں اور شہر میں لگائے جانے والے پلانٹس کا بھی اچانک دورہ کیا اور وہاں سے بھی نمونے حاصل کئے یہ نمونے بھی لیبارٹری میں بھیجے جائیں گے تاکہ منرل واٹر کے نام پر جو لوگ مضر صحت پانی فروخت کررہے ہیں ان کو سزا دی جاسکے اس سلسلے میں کمیٹی وقتاًً فوقتاًً شہر کے ہر علاقے سے دکانوں پر فروخت کئے جانے والے منرل واٹر کے نمونے حاصل کرتی رہے گی ۔

میئر سکھر نے کہا ہے کہ شہر میں غیر قانونی منرل واٹر فروخت کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ، انہوں نے مضر صحت منرل واٹر فروخت کرنیوالوں کو بھی متنبہ کیا ہے کہ وہ ایسا پانی فروخت نہ کریں جو انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے ۔ شہریوں نے میئر سکھر کے اس اقدام کو سراہا جبکہ دکانداروں نے اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے ۔