Live Updates

خیبر پختونخوا میں 78 میگاواٹ بجلی تیار ، 4 ہزار میگا واٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے ،

وفاقی حکومت بجلی سسٹم میں شامل کر رہی ہے اور نہ ہی خرید رہی ہے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی پریس کا نفرنس

بدھ 31 جنوری 2018 22:53

خیبر پختونخوا میں 78 میگاواٹ بجلی تیار ، 4 ہزار میگا واٹ کے منصوبوں پر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 جنوری2018ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں 78 میگاواٹ بجلی تیار ہے جبکہ 4 ہزار میگا واٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ وفاقی حکومت بجلی سسٹم میں شامل کر رہی ہے اور نہ ہی خرید رہی ہے۔ وہ بدھ کو خیبر پختونخوا ہائوس اسلام آباد میںپختونخوا حکومت اور ایک روسی کمپنی کے ما بین ایم او یو پر دستخط کی تقریب کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے چیلنج کیا کہ خیبرپختونخوا نے ایک میگا واٹ بجلی پیدا کی ہے تو بتائیں۔ انہوں نے کہا یہ کس قسم کے پاکستانی ہیں جو ملک کو مقروض کر رہے ہیں۔ پانی سے پیدا ہونے والی بجلی میں تاخیر پیدا کی جا رہی ہے۔ ان سب چیزوں کا مقصد کمیشن اور کرپشن ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان کا کہنا تھا کوئلے کے پاور پلانٹ ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کے باعث ہیں۔

مستقبل میں پاکستان میں آلودگی کا مسئلہ آنے والا ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں پن بجلی بنانے کی سب سے زیادہ صلاحیت ہے۔ شہباز شریف کو ہر چیز کے لیے اجازت مل جاتی ہے لیکن جس میں پاکستان کا فائدہ ہے اس کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہماری بجلی بنگلا دیش اور بھارت سے زیادہ مہنگی ہے۔اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارے معاہدوں کو وفاقی حکومت این اوسی نہیں دے رہی۔

خیبرپختونخوا میں پانی سے سستی بجلی بنا رہے ہیں جو وفاقی حکومت نہیں خرید رہی۔ انہوں نے کہا ہمیں بجلی کا ریٹ سوا 4 روپے فی یونٹ ملنا چاہیے۔ تاریخ میں پہلی بار صوبے کو منافع میں 10 فیصد ملے گا۔ پاکستان کی تاریخ میں کسی صوبے نے ایسا کام نہیں کیا۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا روسی کمپنی کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔اگر ہم کمیشن لیتے تو کمپنی سرمایہ کاری نہیں کرتی۔ صوبے میں شفاف نظام ہے کرپشن کا کوئی عنصر نہیں ہے۔ وفاقی حکومت ہائیڈل کی بجلی کا مسئلہ حل کرے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات