5 فروری: جماعت اسلامی سندھ کے تحت کراچی تا کشمور یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا

اسد اللہ بھٹو،حافظ نعیم کراچی، راشد نسیم سکھر اور ڈاکٹر معراج حیدرآباد میں ریلیوں کی قیادت کریں گے،

بدھ 31 جنوری 2018 22:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جنوری2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے تحت 5 فروری کو کراچی تا کشمور سندھ بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بنایا جائے گا، صوبائی اعلامیہ کے مطابق 5 فروری کو کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ سمیت سندھ بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ریلیاں ، مظاہرے، سیمینار منعقد کئے جائیں گے۔ جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی صوبائی ومقامی رہنماؤں کے علاوہ دیگر سیاسی، سماجی جماعتوں کے قائدین، انسانی حقوق و سول سوسائٹی کے نمائندے اور دانشور مسئلہ کشمیر اور بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے حوالے سے اظہار خیال کریں گے۔

اس حوالے سے مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو، حافظ نعیم الرحمن کراچی، مرکزی نائب امیر راشد نسیم سکھر، اور صوبائی امیر حیدرآباد میں ریلیوں کی قیادت کریں گے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مقبوضہ کشمیرپربھارت کے غاصبانہ قبضہ اورعوام پربھارتی فوج کے انسانیت سوزمظالم کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیری عوام پرظلم وبربریت کابازارگرم کرکے جنت نظیرکشمیرکوجھنم بنادیاہے،انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام نہ صرف اپنی آزادی بلکہ تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیاں ضرور ایک دن رنگ لائیں گی، آزادی کا سورج وادی کشمیر پر طلوع ہو کر رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر پاک۔ بھارت کشیدگی سمیت خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں ہے اسلئے اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کراکے کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلائے تاکہ وہ اپنی آزادی و خود مختاری کے ساتھ زندگی گذار سکیں۔