آصف زرداری جمہوریت کی خدمت نہیں بلکہ جوڑ توڑ کررہے ہیں، مرکزی ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری

ملک میں سب سے محفوظ تھانے خیبرپختونخوا میں ہیں ۔نقیب اللہ محسودکا قتل المناک واقعہ ہے ۔کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن مدد کریں گے سندھ حکومت قیام امن کے لیے رینجرز کو کروڑوں روپے دیتی ہے لیکن پولیس کو ٹھیک کرنے کیلئے تیار نہیں ہے ، حلیم عادل شیخ کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 31 جنوری 2018 22:42

آصف زرداری جمہوریت کی خدمت نہیں بلکہ جوڑ توڑ کررہے ہیں، مرکزی ترجمان ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جنوری2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آصف زرداری جمہوریت کی خدمت نہیں بلکہ جوڑ توڑ کررہے ہیں۔ سندھ حکومت قیام امن کے لیے رینجرز کو کروڑوں روپے دیتی ہے لیکن پولیس کو ٹھیک کرنے کیلئے تیار نہیں ہے ۔ملک میں سب سے محفوظ تھانے خیبرپختونخوا میں ہیں ۔نقیب اللہ محسودکا قتل المناک واقعہ ہے ۔

کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن مدد کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کو حلیم عادل شیخ کی رہائش گاہ پر اسپیکر خیبرپختونخوا سمبلی اسد قیصر اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمران اسماعیل کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب اور سندھ حکومت کا کردار شرمناک ہے ۔

(جاری ہے)

دونوں حکومتیں عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں ۔

ہمیشہ ظلم کے خلاف لڑنا پڑتا ہے ۔تحریک انصاف بدمعاشوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال رہی ہے ۔انہوںنے کہا کہ سندھ کی صورت حال انتہائی ابتر ہے ۔پاکستان میں انتظامی افراتفری کی صورتحال ہے۔سندھ حکومت کروڑوں روپے رینجرز کو دیتی ہے لیکن پولیس کا انتظام درست نہیں کرتی ہے ۔پولیس میں سفارش پرجرائم پیشہ لوگ بھرتی کیے جاتے ہیں ۔پنجاب اور سندھ حکومت ایک سکے کے دو رخ ہیں۔

کرپشن سندھ پولیس اور پنجاب پولیس کی پہچان بن چکی ہے۔خیبرپختونخوا میں ہماری حکومت نے پولیس کا نقشہ بدلا ہے ۔ملک میں سب سے محفوظ تھانے خیبرپختونخوا میں ہیں ۔فواد چوہدری نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں زرداری کے کردار سے جمہوریت کی خدمت نہیں ہوگی،وہ جوڑ توڑ میں لگے ہوئے ہیں ۔اس موقع پر اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ کراچی میں بچوں کو مارا جارہاہے۔

کبھی پولیس کبھی آپس کے جھگڑے میں لوگ قتل ہورہے ہیں ۔ خان صاحب کی ہدایت پر اظہار یکجہتی کے لیے کراچی آئے ہیں ۔کراچی کو پولیس اسٹیٹ بنادیا گیا ہے۔ہم ہر مظلوم کے ساتھ ہیں اس لئے صرف نقیب اللہ ہی نہیں انتظار اور مقصود کو بھی انصاف دینا ہوگا۔انہوںنے نقیب اللہ محسود کے ظالمانہ قتل پر عدالتی کمیشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پتہ چلایا جائے کہ کونسی مافیا جعلی مقابلے کرواتی ہے ۔

نقیب اللہ کے قتل کیس کو منطقی انجام پہنچائیں گے۔انہوںنے کہا کہ اگر کراچی میں تحریک انصاف کی حکومت بنی تو ماورائے عدالت قتل بند ہو جائیں گے۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ نقیب اللہ کا واقعہ بڑا المناک ہے ۔ملک میں جنگل کا قانون نہیں چلے گا۔نقیب کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ہر مدد دینگے۔ماڈل ٹاون اور قصور میں لوگوں کو مارا گیا۔

نقیب کو پولیس میں موجود غنڈے نے مارا۔جو پنجاب میں ہورہاہے وہ سندھ میں ہورہاہے۔ہم سب کو چاہیے کہ را انوار جیسے کرداروں کی مذمت کریں ۔قبل ازیں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں پارلیمانی نے وفد نے پولیس کے ہاتھوں مارے جانے والے انتظار احمد اور مقصودکی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ۔اس موقع اس قیصر نے کہا کہ کراچی میں ماروائے عدالت قتل کی مذمت کرتے ہیں ۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ تمام مقابلوں کی تحقیقات کے لیے جوڈیشنل کمیشن بنایا جائے ۔تحریک انصاف کی حکومت آئی تو کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہوگا ۔کے پی کے پولیس ایکٹ پورے ملک میں نافذ کیا جائے ۔مردان واقعہ میں متاثرہ افراد کی جانب سے پولیس کے خلاف کوئی بات نہیں ہورہی ہے ۔کراچی میں جنگل کا قانون ہے ۔ایسے قانون کے ساتھ حکومتیں نہیں چلتی ہیں ۔ہم مقصود کی بہن بے نظیر کے تمام تعلیمی اخراجات برداشت کریں گے ۔