طالب علم اپنی تمام تر صلاحیتیں علوم وفنون کے حصول میں صرف کردیں کیونکہ تعلیم ہی ترقی کا زینہ ہے

خادم پنجاب کی لیپ ٹاپ سکیم طلباء کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے، اب تک 4لاکھ 16ہزار 215 لیپ ٹاپ شفاف اندازمیں خالصتاً میرٹ کے مطابق دئیے گئے جو وزیراعلیٰ پنجاب کا تاریخ ساز اقدام ہے۔صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خاں

بدھ 31 جنوری 2018 21:26

فیصل آباد۔31جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کے چوتھے مرحلے کے تحت فیصل آباد کے مختلف تعلیمی اداروں اوربورڈ آف ایجوکیشن کے ذہین اور ہونہار طلباء وطالبات میں مجموعی طورپر10ہزار77لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب زرعی یونیورسٹی کے اقبال آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزراء سکولز ایجوکیشن،ہائر ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں اور سید رضاعلی گیلانی اس موقع پر مہمانان خصوصی تھے ۔

ڈپٹی کمشنر سلمان غنی،ارکان صوبائی اسمبلی حاجی الیاس انصاری،حاجی خالد سعید،سابق ایم پی اے خواجہ محمد اسلام،میئر میونسپل کارپوریشن محمدرزاق ملک،چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر،ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن تنویر جبار،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی،گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی مدینہ ٹائون،ڈاکٹر اقبال ظفر،ڈاکٹر محمد علی،ڈاکٹر نورین عزیز قریشی،سیکرٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خرم شہزاد قریشی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خالد مسعود فروکہ،ڈائریکٹر کالجزامداداللہ چوہدری،لیکچرار گورنمنٹ ڈگری کالج شالیمار ٹائون لاہور اعجاز احمد،محکمہ تعلیم کے افسران،ماہرین تعلیم کے علاوہ طلباء وطالبات بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو پنجاب پولیس کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنرز پیش کیا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کے تین مرحلوں میں لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں کے خیالات کے حوالے سے ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طالب علموں نے اردو وانگریزی تقاریر اورگورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کارخانہ بازار کی طالبات نے سوہنی دھرتی اللہ رکھے،جیوے پاکستان ودیگر ملی نغمے گائے۔

صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاںنے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی طرف سے مبارکبادی اور ٹیلنٹ کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ خادم پنجاب کی لیپ ٹاپ سکیم طلباء کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے اب تک 4لاکھ 16ہزار215لیپ ٹاپ شفاف اندازمیں خالصتاً میرٹ کے مطابق دئیے گئے ہیں جو کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا تاریخ ساز اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے طالب علم بھرپور ٹیلنٹ سے مالا مال ہیں اور لاہور کی بڑی اورجدید عمارت بھی فیصل آباد کی قابل فخر بیٹی ارفع کریم کے نام سے منسوب ہے۔انہوں نے طالب علموں پرزور دیا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں علوم وفنون کے حصول میں صرف کردیں کیونکہ تعلیم ہی ترقی کا زینہ ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ امتحانی عمل میں بوٹی مافیا کاخاتمہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کااعزاز ہے جس سے شفاف امتحان کی بدولت حقیقی ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آیا ہے ۔

انہوں نے دیگر انقلابی تعلیمی پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2،ارب روپے سے شروع کیا گیا پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کا حجم اب ساڑھے 21،ارب روپے تک پہنچ چکا ہے جس سے عدم وسائل یافتہ محنتی ساڑھے تین لاکھ طالب علم استفادہ کرچکے ہیں اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ڈاکٹرز وانجینئراوردیگر اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔صوبائی وزیر سکولزایجوکیشن نے دانش سکولوں کی کارکردگی کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں انوائرمنٹل ماڈل تیارکرنے کے عالمی معیار میں دانش سکول حاصل پور طالبات نے دنیا کے 165ممالک میں سے 5واںنمبر حاصل کرکے سر فخر سے بلند کردیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ضرورت ان کی درست سمت رہنمائی اور انہیں پلٹ فارم فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں 14ہزارمیگا واٹ بجلی پیداکرکے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیا جبکہ دہشتگردی کی جنگ میں واضح کامیابی وہ اقدامات ہیں جن سے پاکستان کی ترقی حقیت کا روپ دھار چکی ہے لیکن دھرنا سیاست والوں نے سی پیک منصوبے پر عملدرآمد میں ایک سال رکاوٹ ڈالی جن کاہم سب مل کر احتساب کرینگے ۔

صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا کہ ذہانت کے لحاظ سے پاکستانی طالب علم پوری دنیا میں نمایاں مقام رکھتے ہیںلیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیںترقی کے بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ مثبت سوچ کے ساتھ ترقی کی منازل کی طرف قدم بڑھائیں۔انہوں نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طالب علم،ان کے اساتذہ اوروالدین کومبارکباد دی اور کہا کہ ذہین ومحنتی طالب علموں کو قابلیت کے اعتراف میں جدید ومعیاری آئی سیون لیپ ٹاپ کی تقسیم وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کا سنہری کارنامہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے کالجز اور یونیورسٹیز میں علم و تحقیق کے فروغ کے لئے جامع منصوبہ بندی کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے تحت انڈر گریجوایٹ ڈگری کو کالجز کی سطح پر لایا جائے گا جبکہ یونیورسٹیز کو ایم فل ،پی ایچ ڈی اور مختلف علمی شعبوں میں ریسرچ کے لئے مختص کیا جائے گا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستانی یونیورسٹیز/کالجز کی انجینئرنگ کی ڈگری کو دنیا بھر میں تسلیم کیا جارہا ہے اور اس شعبے میں پاکستان کا 19واں نمبر ہے۔

انہوں نے تعلیم کے میدان میں طالبات کی گہری دلچسپی اوراعلیٰ پوزیشنز کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمشن کے ذریعے کالجز میں پروفیسرز/ایسوسی ایٹ پروفیسرز/لیکچرارز کی آسامیوں پر 3271میں سے 1781خواتین بھرتی ہوئی ہیں۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کے تحت پہلے مرحلوں میں 20،ارب روپے سے 3لاکھ 10ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کئے جاچکے ہیں جن میں پہلے مرحلے میں ایک لاکھ 10ہزار،دوسرے مرحلے اورتیسرے مرحلے میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ اور چوتھے مرحلے میں 7،ارب روپے کے فنڈز سے ایک لاکھ 16ہزار215لیپ ٹاپ تقسیم کئے جارہے ہیں جن میں میرٹ پالیسی اور شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے ۔

طلباء وطالبات کی نمائندگی کرتے ہوئے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کی لائبہ فاطمہ اور خرم سعید نے لیپ ٹاپ سکیم کو وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کا اہم کارنامہ قرار دیا اور کہا کہ محمدشہبازشریف جیسے تعلیم دوست لیڈر کی مثال نہیں ملتی۔تقریب کے دوران ڈجکوٹ کے دیہات کے مزدور کی بیٹی،چک نمبر505ماموں کانجن میں کسان کے بیٹے،غلام محمد آباد میں پاورلومز پرکام کرنے والے کی بیٹی بھی میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ کی حقدار قرارپائیں جبکہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے میٹرک 2017ء کے نتائج میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے زوہیب احمدقریشی،سعداحمد،مریم اشرف کے علاوہ عروج اقبال،فاطمہ،آفاق محمود،فاطمہ محمود،حسیب بابر،بی ایس پروگرام اور پوسٹ گریجوایٹ میں سیدہ مریم اظہر،فاطمہ شہاب،اقراء رحمان،محمد طلحہ حسن جاوید،لائبہ عزیز،مائرہ،عائشہ نعیم،انسیہ انور،محمدثمران انور،رابعہ وحید،فیصل امین ودیگر پوزیشن ہولڈرز میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔