لاہور‘اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے شدید جھٹکے‘شہری کلمہ طیبہ کا وردکرتے گھروں اور عمارتوں سے نکل آئے‘حب میں بچی ہلاک ‘متعددافراد زخمی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 31 جنوری 2018 12:16

لاہور‘اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے شدید جھٹکے‘شہری ..
لاہور /اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی31- جنوری۔2018ء) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور‘اسلام آباد،لاہور سمیت خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے یہ جھٹکے محسوس کئے گئے‘تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز12بجکر10منٹ کے قریب لاہور اور گردونواح کے علاقے زلزلے کے شدید جھٹکوں سے لرزاٹھے-شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے نکل آئے ‘زلزلے کے جھٹکے تقریبا ایک منٹ تک محسوس کیئے جاتے رہے-ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد،لاہور‘ کامونکی،شیخوپورہ،قصور ، کوٹلی،راولہ کوٹ،مظفر آباد،میر پور آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔

ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 1 ریکارڈ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا جس کی زیر زمین گہرائی 169 کلومیٹر تھی ۔ اطلاعات کے مطابق کامونکی،شیخوپورہ،قصور ، کوٹلی،راولہ کوٹ،مظفر آباد،میر پور آزاد کشمیر, پشاور، ملتان، بھکر ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد‘ ایبٹ آباد، مانسہرہ، گلگت، سوات، لوئر اور اپر دیر، چترال، ہنزہ، اسکردو، لاہور، چلاس، بھلوال، پنڈ دادن خان‘ مری، پسرور، کالا باغ، چنیوٹ، میانوالی، جھنگ، بٹگرام، بنوں، شانگلہ، تاندلیا نوالہ، قائد آباد، ڈیرہ اسمٰعیل خان، چارسدہ اور اوکاڑہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

بلوچستان کے شہر لسبیلہ میں زلزلے سے بیلہ کے علاقے میں ایک سکول کی چھت گر گئی جس سے ایک بچی کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اس کے علاوہ ایک گھر کی چھت گرنے کی بھی اطلاعات ہیں جہاں 9 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسلام آباد میں زلزلے کے باعث سپریم کورٹ میں کیسز کی سماعت کے دوران وکلا اور دیگر افراد عدالت سے باہر آگئے، جبکہ پارلیمنٹ میں صنعت و پیدوار کمیٹی کے اراکین اجلاس میں موجود تھے جو زلزلے کے باعث خوف سے باہر آگئے۔

تاحیات نا اہلی ہے یا نہیں سے متعلق کیس کی سماعت میں جہانگیر ترین کے وکیل کے دلائل کے دوران زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ تحمل رکھیں کچھ دیر کے آفٹر شاکس ہیں ختم ہو جائیں گے۔اس کے جواب میں وکیل جہانگیر ترین نے کہا کہ یہ دوسری مرتبہ ہے جب میں دلائل کے لیے روسٹر پر ہوں اور زلزلہ آگیا۔پشاور کے علاقے لنڈی ارباب میں زلزلے کے باعث سکول میں بھگڈر مچ گئی ۔

بلوچستان کے علاقے بیلہ میں زلزلے کے باعث متعدد مکانات کی چھتیں گر گئیں۔ زلزلے کے جھٹکے سب سے پہلے بلوچستان کے سرحدی ضلع لسبیلہ کے علاقے بیلہ میں محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے باعث متعدد مکانات کی چھتیں گر گئیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکوں کے باعث متعدد مکانات کی چھتیں گر گئی ہیں۔ زلزلے کے بعد سول ہسپتال بیلہ میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی ۔

زلزلے کے بعد ملک بھر کے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔دوسری جانب قدرتی آفات سے نمٹنے کے محکمے پی ایم ڈی اے کے ترجمان نے کہا ہے انہیں زلزے سے کسی بڑے نقصان کی اطلاعات نہیں ملیں، تاہم اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں اور پی ڈی ایم اے سے رابطے میں ہیں۔انہوں نے بتایاکہ زلزلے کے بعد اضلاع کے ساتھ رابطے میں ہیں ،متاثرین کنٹرول روم نمبر1700پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ پشاورکے گورنمنٹ گرلزسکول لنڈی ارباب میں بھگدڑسے4 بچے زخمی ہوئے ہیں۔این ڈی ایم اے اعلامیہ کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کسی بڑے نقصان کا امکان بھی نہیں۔پاکستان کے علاوہ بھارت کے شہر نئی دہلی، مقبوضہ کشمیر کے علاقے سرینگر اور افغان دارالحکومت کابل اور افغانستان کے دیگر شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔واضح رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں سپر بلیو بلڈ مون ہو گا اور ماہرین کے مطابق جب بھی سپر مون ہوتا ہے تو زمین پر چاند کی کشش بے پناہ بڑھ جاتی ہے جس کے سبب اس قسم کے واقعات پیش آنے کا امکان ہمیشہ موجود رہتا ہے۔

متعلقہ عنوان :