وفاقی دارالحکومت میں نوسربازی کی انوکھی واردات ، 65سالہ خاتو ن بینک سے 75ہزار روپے لے اڑی

منگل 30 جنوری 2018 22:48

وفاقی دارالحکومت میں نوسربازی کی انوکھی واردات ، 65سالہ خاتو ن بینک ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 جنوری2018ء)وفاقی دارالحکومت میں نوسربازی کی منفرد واردات کے دوران 65سالہ بوڑھی عورت بینک سے 75ہزار روپے لے اڑی ، مسلم کمرشل بینک میلوڈی برانچ کے کیش کائونٹر سے معمر خاتون نے اپنے ساتھی لڑکے کو پاگل ظاہر کرتے ہوئے واردات کی اور غائب ہوگئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق مسلم کمرشل بینک میلوڈی مارکیٹ میں 65سالہ بوڑھی خاتون نے نوسربازی کی ایک انوکھی واردات کے ذریعے بینک کے کیش کائونٹر سے 5ہزار روپے والے 15نوٹ کاٹن سے نکال لئے اوراچانک غائب ہوگئی ۔

(جاری ہے)

نامعلوم معمر خاتون ایک جوان لڑکے ہمراہ دن 3بجے کے قریب بینک میں آئی اور 5ہزار نوٹ کے بدلے ہزار روپے والے نوٹ کا تقاضا کیا اور کائونٹر پر پڑے کیش کی جانب ہاتھ بڑھایا جس پر کیش کائونٹر پر موجود بینک ملازم نے کیش وہاں سے ہٹا دی ۔ خاتون کے وہاں سے چلے جانے کے بعد کیشیئر نے جب کیش کی گنتی کی تو 5ہزار روپے والے 15نوٹ (75ہزار روپی) کم تھے ۔ بینک عملہ نے نامعلوم بوڑھی خاتون کو کافی تلاش کیا مگر کہیں نہ ملی ۔ تھانہ آبپارہ پولیس نے سیلز آفیسر کی درخواست پر نامعلوم خاتون کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔