شریف برادران کی سیاسی زندگی کی آخری رسومات چل رہی ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری

مارچ میں سیاست دفن ہوجائے گی۔ سیاسی فضا میں وائرس آگیا اس لیے وقفہ دینا پڑا کسی پر الزام نہیں لگاتا، احتجاج کیلئے کسی کا محتاج نہیں، اکیلے 48 گھنٹے کے نوٹس پر عوام کا سمندر مال روڈ پر لے آئوں گا، سربراہ پاکستان عوامی تحریک

منگل 30 جنوری 2018 22:46

شریف برادران کی سیاسی زندگی کی آخری رسومات چل رہی ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جنوری2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ شریف برادران کی سیاسی زندگی کی آخری رسومات چل رہی ہیں مارچ میں سیاست دفن ہوجائے گی۔ سیاسی فضا میں وائرس آگیا اس لیے وقفہ دینا پڑا کسی پر الزام نہیں لگاتا۔ احتجاج کیلئے کسی کا محتاج نہیں، اکیلے 48 گھنٹے کے نوٹس پر عوام کا سمندر مال روڈ پر لے آئوں گا۔

گزشتہ روز نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ملک میں شریف برادران، رانا ثناء اللہ کے ہوتے ہوئے حقیقی جمہوریت نہیں آسکتی۔ یہ لوگ ملک کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔ کہتے ہیں ہمارے خلاف سازش ہو رہی ہے یہ لوگ خود ہی سازشی ہیں۔ انکی سیاسی زندگی کی آخری رسومات جاری ہیں آخری رسومات میں دوست دشمن سب آتے ہیں۔

(جاری ہے)

انکے سیاسی جنازے اٹھنے والے ہیں مختلف شہروں میں کندھے دیے جارہے ہیں۔ ان لوگوں کی سیاست مارچ میں دفن ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ سیاسی آلودگی کا اندیشہ نہیں ہے اور کسی بھی جماعت کو الزام نہیں دینا چاہتا۔ بس سیاسی فضاء میں وائرس آگیا اس لیے وقفہ دینا پڑا۔ لاہور میں جلسے کے دوران سٹیج پر موجود تمام جماعتوں سے مشاورت کرنے کے بعد 2 روز میں میٹنگ کا اعلان کیا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل تیار کیاجانا تھا۔

مگر جلسے کے بعد سیاسی اختلافات سامنے آئے اور پھر مال روڈ کے سیاسی جلسے کے بعد دوست مصروف ہوگئے اور کچھ بیرون ملک چلے گئے۔ پھر قصور میں نیب واقعہ، کراچی میں نقیب قتل کیس اور رائو انوار کا مسئلہ سامنے آگیا۔ اس لیے ہماری بات موخر ہوئی میٹنگ دوستوں کے ساتھ ملکر کرنی تھی میں اکیلے نہیں کرسکتا تھا۔طاہر القادری کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے بعد آج بھی مجھے ملنے آرہے ہیں اسمبلیوں سے تعلق آپشن پر تبادلہ خیال بھی ہوا تھا۔

مگر میں سیاسی جماعتوں پر حق نہیں رکھتا کہ سیاسی جماعتوں سے کہوں کے این سیٹوں سے استعفے دیدیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج کیلئے کسی کا محتاج نہیں ہوں جب بھی احتجاج کرنا ہوا تو اکیلے ہی کافی ہیں ہمارے پاس عوام کا سمندر ہے کسی کے محتاج نہیں 48 گھنٹے کے نوٹس پر عوام کا سمندر مالی دور پر لاکر بھر سکتے ہیں۔