صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

منگل 30 جنوری 2018 22:31

صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ،وزیراعلیٰ ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے صوبے کے قدرتی وسائل سے استفادے کیلئے قومی اور بین الاقوامی دونوں سطح پر سرمایہ کاروں کو پورے اعتماد کے ساتھ یہاں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے ۔صوبائی حکومت نے توانائی، معدنیات، صنعت، زراعت اور سیاحت سمیت تمام شعبوں میں عالمی سرمایہ کاروں سے معاہدے کئے ہیں ۔

صوبائی حکومت نے سرمایہ کاروں اور اُن کے سرمایے کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے قانون سازی بھی کی ہے جبکہ صوبے بھر میں صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔یہ بات انہوںنے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں ایک چینی کمپنی کے ساتھ توانائی کے شعبے میں معاہدے پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر کہی۔

(جاری ہے)

یہ معاہدہ توانائی کے شعبے میں بین الاقوامی تجربے کی حامل چینی حکومت کی سرکاری کمپنی سی ای ای سی کے ساتھ حطار کے خصوصی صنعتی زون میں 225 میگاواٹ کمبائنڈ سائیکل گیس ٹربائن کے قیام کے سلسلے میں ہواجس پر صوبائی حکومت کی جانب سے ازمک کے سربراہ عادل صلاح الدین جبکہ چینی کمپنی کی طرف سے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر مسٹر ژائو جوائی نے دستخط کئے۔

اس بجلی گھر کی بدولت حطار خصوصی اکنامک زون میں دوا سازی ، ٹیکسٹائل ، اشیائے خوراک، مشروبات، سٹیل اور انجینئرنگ کے مختلف شعبوں سے وابستہ صنعتوں کے فروغ میں بڑی مدد ملے گی ۔صوبائی حکومت کے ان اقدامات سے علاقے کے ایک لاکھ سے زائد لوگوں کو روزگار کے براہ راست اور بالواسطہ مواقع ملیں گے جبکہ ان حکومتی اقدامات کی بدولت اندرون و بیرون ملک سے 100 ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے ۔

اس مقصد کیلئے حطار خصوصی صنعتی زون میں آن لائن درخواستیں جمع کرنے کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے اور اب تک ازمک کو1200 ایکڑ سے زائد رقبے کے پلاٹوں پر کارخانوں کے قیام کیلئے درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت کی معیشت دوست اورجامع پالیسیوں کی بدولت قومی اور بین الاقوامی سطح پر وسیع سرمایہ کاری کیلئے کشش پید اہوئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس صوبے کی ترقی صنعتکاری سے وابستہ ہو چکی ہے جس کی بدولت صوبے کی معیشت مستحکم بننے کے ساتھ ساتھ روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اور پائیدار ترقی کی داغ بیل پڑے گی ۔انہوںنے صوبے میں صنعتکاری اور تجارت و معیشت کی ترقی کیلئے سازگار ماحول کے قیام کے سلسلے میں صوبائی حکومت کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی ۔

متعلقہ عنوان :