سابق وزیراعظم نواز شریف کا قافلہ عوام رابطہ مہم کے سلسلہ میں چاروں صوبوں میں رواں دواں ہے، سینٹ انتخابات میں بھرپور طریقہ سے حصہ لینے کے ساتھ ساتھ ہارس ٹریڈنگ کو ناکام بنائیں گے،

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد الله خان ْ

منگل 30 جنوری 2018 22:28

سابق وزیراعظم نواز شریف کا قافلہ عوام رابطہ مہم کے سلسلہ میں چاروں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2018ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد الله خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا قافلہ عوام رابطہ مہم کے سلسلہ میں چاروں صوبوں میں رواں دواں ہے، سینٹ انتخابات میں بھرپور طریقہ سے حصہ لینے کے ساتھ ساتھ ہارس ٹریڈنگ کو ناکام بنائیں گے، آصف علی زرداری نے بلوچستان میں جو کچھ کیا وہ قابل مذمت ہے۔

منگل کو یہاں پنجاب ہائوس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت غیر رسمی مشاورتی اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجلاس میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال اور آئندہ سینٹ انتخابات کے حوالہ سے صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سزائیں اور مقدمات نواز شریف کیلئے نئے نہیں ہیں، نواز شریف نے وہ سزا کاٹی ہے جو کوئی سیاستدان آج تک نہیں کاٹ سکا، نواز شریف پر سانپ اور بچھو چھوڑے گئے۔

انہوں نے کہا کہ اب عوامی سیلاب نہیں رکے گا، ہمیں اب فیصلہ حق میں یا مخالفت میں ہونے کی کوئی فکر نہیں ہے۔ ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس کوئی اکثریت نہیں ہے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ وہ اب بھی یہ کہتے ہیں کہ جسے چاہیں سینٹ کا چیئرمین بنا دیں، آصف علی زرداری کی یہ بات دیوانے کا خواب لگتا ہے، انہوں نے بلوچستان میں جو کچھ کیا وہ قابل مذمت ہے، ان کا بلوچستان میں کردار جمہوریت کیلئے نقصان دہ تھا حالانکہ ہم نے ماضی میں ان کے ساتھ مل کر اداروں کی مضبوطی کیلئے کام کیا ہے، آصف علی زرداری نے اس طرح نہ جمہوریت کی خدمت کی نہ پاکستان کی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سینٹ الیکشن میں بھرپور طریقہ سے حصہ لے گی اور ہم ہارس ٹریڈنگ کو ناکام بنائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی عوام رابطہ مہم چلتی رہے گی اور نواز شریف کا قافلہ چاروں صوبوں میں رواں دواں ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ سازش کریں گے تو ہم اسے بے نقاب کریں گے، مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ پیپلز پارٹی اور پاکستان پنکی پارٹی سے ہے۔

متعلقہ عنوان :