کراچی،شہریوں کے حصے کا پانی کسی کو چوری نہیں کرنے دیں گے،سید ہاشم رضا زیدی

واٹربورڈ گذشتہ ایک سال کے دوران سیکڑوں غیر قانونی کنکشن منطقع کرچکا ہے آئندہ بھی پانی چوروں کے خلاف برسرپیکار رہیں گے ،ایم ڈی واٹربورڈ

منگل 30 جنوری 2018 22:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جنوری2018ء) ایم ڈی واٹربورڈ سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ شہریوں کے حصے کا پانی کسی کو چوری نہیں کرنے دیں گے ،واٹربورڈ گذشتہ ایک سال کے دوران سیکڑوں غیر قانونی کنکشن منطقع کرچکا ہے آئندہ بھی پانی چوروں کے خلاف برسرپیکار رہیں گے ،شہری پانی چوری سے متعلق کارروائی میں واٹربورڈ سے تعاون کریں ، نام و شناخت صیغہ راز رہے گی،تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ سے رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی سمیت دیگر عمائدین شہر نے ملاقات کی اور شہریوں کو درپیش فراہمی ونکاسی آب سے متعلق مشکلات سے آگاہ کیا اس موقع پرایم ڈی واٹربورڈ نے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور بعض امور پر فوری احکامات جاری کئے ، انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واٹربورڈ کا خصوصی ڈسکنکشن اسکواڈ شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرنے والوں اور غیر قانونی کنکشن لینے والوں کے خلاف مسلسل سرگرم عمل ہے گزشتہ ایک سال کے دوران پانی چوروں کے خلاف متعدد آپریشن کیئے گئے جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں ، واٹربورڈ شہریوں کو درپیش فراہمی ونکاسی آب کی شکایات کے ازالے کیلئے فوری اقدامات کررہاہے ، یہی وجہ ہے کہ محدود وسائل اور پانی کی طلب کے مقابلے میں کم رسد کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں خصوصا ً بلندمقامات پر آباد شہریوں کو دستیاب پانی کی منصفانہ اور مسلسل فراہمی جاری ہے ، ایم ڈی واٹربورڈ نے پانی چوروں اورغیر قانونی کنکشن لینے والے عناصر کے خلاف تین رکنی کمیٹی تشکیل دی جس کے سربراہ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز اسد اللہ خان ہوں گے ،بعدازاں ایم ڈی واٹربورڈ کی ہدایت پر باقاعدہ ایک اجلاس منعقد کیا گیا،اجلاس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز اسد اللہ خان نے رکن اسمبلی کامران فاروقی سے شہریوں خصوصاً ان کے حلقے کے مکینوں کو پانی اور نکاسی آب سے متعلق درپیش شکایات معلوم کیں اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ، ڈی ایم ڈی واٹربورڈ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی کنکش کے خلاف واٹربورڈ کا خصوصی ڈسکنکشن اسکواڈ ،آر آر جی اور انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کا عملہ مسلسل کارروائی کررہا ہے ،واٹربورڈ کی لائنوں سے غیر قانونی کنکشن حاصل کرنے والے متعدد افراد کے خلاف باقاعدہ پانی چوری کے نئے قانون کے تحت مقدمات کا اندراج کرایا جاچکا ہے جس کی سزا دس سال قید ،دس لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہیں، انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں واٹربورڈ سے تعاون کریں اور پانی چوروں سے متعلق واٹربورڈ کے مرکزی کمپلینٹ سینٹر کے فون نمبر 021-99245138-40 پر براہ راست شکایات کا اندراج کرائیں ، شکایات درج کرانے والے شہریوں کا نام اور شناخت صیغہ راز رہے گی اور اس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :