حیدرآباد چیمبر کے نمائندہ وفد کی ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور سے کراچی میں ملاقات

ملاقات میں حیدرآباد کے تاجر اور صنعتکار برادری کو درپیش مسائل سے متعلق جامع تجاویز برائے بجٹ 2018-19 پیش کی گئیں

منگل 30 جنوری 2018 22:40

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2018ء) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے نمائندہ وفد نے صدر محمد اکرم انصاری کی سربراہی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر غضنفر بلور سے اُن کے دفتر فیڈریشن ہائوس کراچی میں ملاقات کی، ملاقات میں حیدرآباد کے تاجر اور صنعتکار برادری کو درپیش مسائل سے متعلق جامع تجاویز برائے بجٹ 2018-19 پیش کی گئیں تجاویز میں گندم اور چاول کی طرح عام عوام کے زیر استعمال دالوں پر ٹرن اوور پر ٹیکس کی شرح ایک فیصد سے کم کر کے 0.2 فیصد کرنے اور اس طرح دال ملز کے کاروبار کو فروغ دینے ، حیدرآباد میں ایف بی آر کی جانب سے نافذ کردہ ایس آر او برائے پراپرٹی ویلیویشن جو اس وقت کراچی، لاہور اور فیصل آباد سے بھی زیادہ ہے ، یہاں کی مارکیٹ ویلیو سے ہم آہنگ کر کے کم کرنے کی تجاویز شامل تھیں۔

(جاری ہے)

جبکہ بعد ازاں کئی شہروں کی ریپرزنٹیشن (Repersentation) پر یہ ویلیو کم کردی گئی لیکن حیدرآباد کو اُس میں شامل نہیں کیا گیا جس سے حیدرآباد کی پراپرٹیز کی ویلیو کراچی سے بھی ڈبل ہوگئی، فیڈریشن کی اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی تشکیل میں حیدرآباد چیمبر کے ارکان کو شامل کرنے کی درخواست کی گئی جس سے متعلق سفارشات پہلے ہی فیڈریشن کو ارسال کی جاچکی ہیں،امپورٹرز اور ایکسپورٹرز کو محکمہ پلانٹ پروڈکشن حکومت پاکستان سے متعلق مسائل بھی زیر غور آئے اور مسائل پر سیر حاصل گفتگو ہوئی، صدر فیڈریشن نے بغور تمام مسائل کو سنا اور اُن کو حل کرانے کے لیے حکومتی سطح پر اُٹھانے اور کاوشیں استعمال کرنے کا وعدہ کیا، اُنہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی صنعتکار اور تاجر برادری کے مسائل درپیش در اصل تمام پاکستان کی برادری کے مسائل ہیں جن کو حل کرنا فیڈریشن کے فرائض میں شامل ہے، صدر فیڈریشن نے صدر چیمبر کو فیڈریشن کا سونیئر اور صدر چیمبر نے فیڈریشن کے صدر و سنیئر نائب صدر کو چیمبر بلیٹن پیش کیے، ملاقات خوشگوار ماحول میںانتہائی مثبت رہی، اِس موقع پر فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سید مظہر علی ناصر اور اراکین منیجنگ کمیٹی موجود تھے، وفد میں چیمبر کے نائب صدر دولت رام لوہانہ، اراکین ایگزیکٹیو کمیٹی ندیم احمد صدیقی، پرویز فہیم نور والا، کنونیئرز سب کمیٹیز ادریس میمن، محمد عارف میمن، فرحان اقبال، مسرور اقبال اور رکن جنرل باڈی شان سہگل شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :