موریشس حکومت اُردو سینٹر قائم کرنا چاہتی ہے جس کے لئے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی سے فنی تعاون درکار ہے، راشد علی صوبیدار

اُردو مرکز کے قیام کے لئے بھی حکومت نے زمین مہیا کردی ہے تاہم مرکز کے قیام کے لئے ہمیں ماہرین کی فنی خدمات کی ضرورت ہے،ہائی کمشنر موریشس

منگل 30 جنوری 2018 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2018ء) موریشس کے ہائی کمشنر راشد علی صوبے دارنے منگل کو آرٹس کونسل میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ سے ملاقات کی اور کہاکہ موریشس حکومت اُردو سینٹر قائم کرنا چاہتی ہے جس کے لئے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی سے فنی تعاون درکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ موریشس حکومت نے ملک میں مختلف زبانوں کے مراکز قائم کئے ہیں اُردو مرکز کے قیام کے لئے بھی حکومت نے زمین مہیا کردی ہے تاہم مرکز کے قیام کے لئے ہمیں ماہرین کی فنی خدمات کی ضرورت ہے تاکہ یہ اُردو مرکز بین الاقوامی معیار پر قائم کیا جائے۔

موریشس ہائی کمشنر نے کہاکہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی متاثر کن کارکردگی خصوصاً عالمی اُردو کانفرنس کی کامیابی اور بین الاقوامی شہرت سے متاثرہوکر موریشس حکومت کی خواہش ہے کہ آرٹس کونسل اس حوالے سے ہمارے ساتھ اُردو مرکز کے قیام کے لئے تعاون کرے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے آرٹس کونسل کراچی کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیا جائے گا تاکہ اُردو زبان کی ترقی کے لئے مشترکہ طور پر کوشش کی جائے۔

آرٹس کونسل کراچی سے اُردو میں پہلے ڈرامے اور کلچر وفود کے تبادلے بھی کئے جائیں گے۔ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے موریشس کے ہائی کمشنر کو آرٹس کونسل میں خوش آمدید کہتے ہوئے خوشی کا اظہار کیااور گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ موریشس حکومت ہماری قومی زبان کا مرکز قائم کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ زبانیں مختلف اقوام اور کلچر کو جوڑنے کا ذریعہ ہیں۔

توقع ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ آرٹس کونسل حکومت پاکستان کی پالیسی کے مطابق موریشس حکومت کے ساتھ اُردو مرکز کے قیام میں ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔ علاوہ ازیں ہائی کمشنر نے آرٹس کونسل کا اسکول آف آرٹ اینڈ گرافٹ، میوزک اینڈ تھیٹر اکیڈمی اور دیگر شعبہ جات کا دورہ بھی کیا اور آرٹس کونسل کی ترقی ور آرٹ و فن کی خدمت پر اس کی کارکردگی کی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :