بلاول بھٹو کا خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے میڈیکل طالبہ عاصمہ و دیگر سنگین جرائم میں مطلوب ملزمان کے فرار پر چشم پوشی کرنے پر اظہار تشویش

منگل 30 جنوری 2018 22:39

بلاول بھٹو کا خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے میڈیکل طالبہ عاصمہ و ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے میڈیکل کی طالبہ عاصمہ اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب ملزمان کے فرار پر چشم پوشی کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ میڈیکل کی طالبہ عاصمہ، شریفاں بی بی، بچی اسما، اور طالب علم مشال کے قاتل پی ٹی آئی کے بااثر افراد کی پشت پناہی کے باعث تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہونا شرمناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صاف ظاہر ہے کہ پی ٹی آئی دہشت گردوں اور قاتلوں کو تحفظ دینے والے لاڈلوں کا بھیانک گروہ بن چکی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 9 ماہ گذرنے کے باوجود مشال خان کے قتل پر اکسانے والا پی ٹی آئی کا مقامی رہنما اب تک پولیس کی گرفت سے آزاد ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میڈیکل کی طالبہ عاصمہ کا قاتل، جو پی ٹی آئی کوھاٹ کے صدر کا بھتیجا ہے، کا سعودی عرب فرار ہونا حکومتِ خیبرپختونخواہ کی آشیرباد کے بغیر ناممکن تھا۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ میڈیا کی مصدقہ رپورٹس کے مطابق شریفاں بی بی اور ننھی اسما کے قاتلوں کو بھی تحریک انصاف کے بااثر رہنماوں کی سرپرستی حاصل ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخواہ میں برسرِ اقتدار ٹولے کا سنگین جرائم میں ملوث افراد سے نرم رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہر مسئلے پر بے تکان باتیں کرنے والے چیف لاڈلے کا صوبے میں سنگین جرائم پر چپ سادھ لینا انتہائی قابل مذمت فعل ہے اور اس سے یہ بھی واضح ہے کہ پی ٹی آئی گھناونے جرائم اور دہشت گردوں کی نانی بن چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :