گوادر میں پانی کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر رہا ہے ،میر عبدالقدوس بزنجو

حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ناگزیر ہوچکے ہیں،وزیراعلی بلوچستان

منگل 30 جنوری 2018 22:25

گوادر میں پانی کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر رہا ہے ،میر عبدالقدوس ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے گوادر میں پانی کے مسئلہ کے فوری اوردیرپا بنیادوں پر حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے محکمہ پی ایچ ای کو پانی کی فراہمی کے جاری منصوبوں کی فوری تکمیل کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ گوادر میں پانی کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر رہا ہے جسکے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ناگزیر ہوچکے ہیں۔

حکومت گوادر کے پانی کے منصوبوں کے لئے مطلوبہ فنڈز فراہم کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر کے پانی کے مسئلہ اور اس کے حل کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس ے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف سیکرٹری اورنگزیب حق اور متعلقہ محکموں کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کے دورہ گوادر کے دوران وہاں کے عوام کا سب سے بڑا مطالبہ پانی کی فراہمی تھا اور شہر کے اپنے دورے کے دوران انہوں نے خود بھی پانی کی کمی سے پیدا ہونے والے مسئلہ کو شدت کے ساتھ محسوس کیا۔

انہوں نے کہا کہ گوادر میں تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کے آغاز سے پانی کی ضروریات میں اضافہ ہوگا جسے پورا کرنے کے لئے قلیل المدتی اور طویل المدتی منصوبوں کی ضرورت ہے جن میں شادی کورڈیم سے گوادر تک پائپ لائن اور ڈی سیلینشن پلانٹوں کی تنصیب اورفعالی کے علاوہ ہنگامی صورتحال میں استعمال کے لئے میرانی ڈیم سے پائپ لائن کے ذریعہ گوادر تک پانی کی فراہمی کا زیر تجویز منصوبہ بھی شامل ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اپنے محدود وسائل کے باعث گوادر کو پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے نہیں بناسکتی ہے جس کے لئے انہوں نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے وفاقی حکومت کی معاونت کی درخواست کی ہے امید ہے وزیراعظم اس حوالے سے اقدامات کرینگے۔ اس موقع پر پی ایچ ای حکام کی جانب سے اجلاس کو پانی کی فراہمی کے جاری اور مجوزہ منصوبوں کے بارے میں بریفینگ دی گئی۔

متعلقہ عنوان :