قصور کو مثالی ضلع بنانے کیلئے کوششوں کا آغاز ہو چکا ہے ، رانا سکندر حیات خاں

منگل 30 جنوری 2018 21:26

قصور۔30جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2018ء) سپیکر و وائس چیئر مین ضلع کونسل سردار عزیر احمد کے زیر صدارت ضلع کونسل قصور کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔جس میں چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں ‘وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں ‘ضلعی افسران ‘ممبران ضلع کونسل اور دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس کے آغاز پر مقتولہ زینب اور دیگر بچیوں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔

اس کے بعد مختلف ممبران ضلع کونسل کی جانب سے پیش کی گئی قرار دادوں پر بحث کی گئی ۔ممبر ضلع کونسل طارق محمود ایڈووکیٹ کی جانب سے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ممبران ضلع کونسل کیلئے الگ کائونٹر بنانے کی تجویز پر سپیکر نے کہا کہ اس مقصد کیلئے ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال کو لکھا جائیگا تا کہ اس مخصوص ڈیسک پر ممبران ضلع کونسل اپنے حلقے کے مریضوں کا بروقت چیک اپ کروا سکیں ۔

(جاری ہے)

اسی طرح ضلع کونسل کی عمارت میں مسجد کی تعمیر کے حوالے سے جلد ٹینڈر کرنے کی بھی منظوری دی گئی ۔ چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کے ویژن کے مطابق قصور کو ایک مثالی ضلع بنانے کیلئے کوششوں کا آغاز ہو چکا ہے ۔ضلع کونسل کی جانب سے عوام الناس کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کو بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے ۔

انہوں نے معزز ممبران کو یقین دلایا کہ 15فروری تک ضلع قصور کی ہر یونین کونسل میں صفائی کیلئے 6ورکر تعینات کر دیئے جائینگے ۔ اسی طرح ضلع کونسل کی مختلف کمیٹیاں تشکیل دیدی جائینگی ۔ انہوں نے معزز سپیکر سے گزارش کی کہ وہ صاف دیہات پروگرام میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالی یونین کونسل کا انتخاب کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دیں جو غیر جانبداری سے پوزیشن ہولڈر یونین کونسلز کا انتخاب کرے ۔ رانا سکندر حیات خاں نے کہا کہ ضلع کونسل کے فنڈز کی تقسیم اور مختلف جاری منصوبہ جات میں شفافیت اور معیار کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا ۔کرپشن اور بدعنوانی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔ بعدازاں سپیکر سردار عزیر احمد نے غیر معینہ مدت کیلئے اجلاس ملتوی کر دیا ۔

متعلقہ عنوان :