امیر حیدر خان ہوتی کا کوہاٹ میں قتل ہونے والی طالبہ کے والد کو ٹیلی فون ، قتل پر اظہار افسوس

حکمران قاتلوں کو تحفظ دے رہے ہیں،حال ہی میں ہونیوالے واقعات میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کا ملوث ہونا لمحہ فکریہ ہے،رہنماء اے این پی

منگل 30 جنوری 2018 19:13

امیر حیدر خان ہوتی کا کوہاٹ میں قتل ہونے والی طالبہ کے والد کو ٹیلی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کوہاٹ میں قتل کی جانے والی میڈیکل کی طالبہ عاصہ رانی کے والد غلام دستگیر خان کو ٹیلی فون کر کے ان سے بچی کے قتل پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے، امیر حیدر خان ہوتی نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور مقتولہ اور اس کے خاندان کو انصاف ملنے تک ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو پہلے ہی دہشت گردوں اور ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا تھا اور اب لمحہ فکریہ یہ ہے کہ حال ہی میں ہونے والے واقعات میں پی ٹی آئی کے کارکن ملوث ہیں ، انہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ کی ناکام ترین حکومت کے دور میں بچیوں کی عصمت اور زندگیاں محفوظ نہیں ہیں ،انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان ، مردان اور خوشمقام نوشہرہ میں پیش آنے والے واقعات کے ملزمان کوبھی گرفتارکیاجائے ،اے این پی اس حوالے سے پرامن احتجاج جاری رکھے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے اور بے حس حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہے، انہوں نے کہا کہ حکمران ملزموں کو پکڑنے کی بجائے انہیں تحفظ دے رہے ہیں،مقتولہ کے والد نے امیر حیدر خان ہوتی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے مجرموں کو کڑی سزا دینے کی ضرورت ہے۔