سینٹ انتخابات کا شفاف انعقاد الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے، جسٹس سردار محمد رضا

سینٹ انتخابات ترجیحی ووٹ کی بنیاد پر ہوتے ہیں جس کی گنتی کا طریقہ کار مشکل اور توجہ طلب ہے، چیف الیکشن کمشنر

منگل 30 جنوری 2018 19:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جنوری2018ء) چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا نے کہاہے کہ سینٹ انتخابات کا شفاف انعقاد الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے سینٹ انتخابات ترجیحی ووٹ کی بنیاد پر ہوتے ہیں جس کی گنتی کا طریقہ کار مشکل اور توجہ طلب ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز الیکشن کمیشن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سینٹ انتخابات میں حصہ لینے والے کمیشن کے افسران کی تین روزہ ٹریننگ ورکشاپ کے افتتاح کے موقع پر کیا ورکشاپ میں چاروں صوبوں اور وفاق سے الیکشن کمیشن کے 45 افسران شرکت کر رہے ہیں ورکشاپ میں افسران کو سینیٹ انتخابات سے متعلق انتخابی قوانین اور قواعد مجریہ 2017کے بارے میں تربیت دی جائیگی اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ قانون کے مطابق سینیٹ کے انتخابات ترجیجی ووٹ کی بنیاد پر منعقد کئے جاتے ہیں جس کی گنتی کا طریقہ کار مشکل اور توجہ طلب ہے انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اس ٹریننگ میں خصوصی دلچسپی لیں تاکہ سینیٹ انتخابات کے انعقاد کامرحلہ قانون اور آئین کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔

۔۔۔۔اعجاز خان