یوسی چیئرمینز کو ترقیاتی کاموں کے لئے 25 لاکھ روپے دیئے ہیں،وسیم اختر

علاقے میں کھیل کے میدان اور پارکس تعمیر کئے جائیں گے اور بلدیہ ٹائون میں فراہمی آب کا مسئلہ بھی حل کریں گے، میئر کراچی

منگل 30 جنوری 2018 18:58

یوسی چیئرمینز کو ترقیاتی کاموں کے لئے 25 لاکھ روپے دیئے ہیں،وسیم اختر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2018ء) میئرکراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ یوسی چیئرمینز کو ترقیاتی کاموں کے لئے 25 لاکھ روپے دیئے ہیں اگر مزید رقم ہوتی تو 25 کروڑ بھی فراہم کرنے کو تیار تھے، بلدیہ ٹائون نمبر7 میں5-B سڑک کی تعمیر علاقے کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ تھا، علاقے میں کھیل کے میدان اور پارکس تعمیر کئے جائیں گے اور بلدیہ ٹائون میں فراہمی آب کا مسئلہ بھی حل کریں گے، کراچی میں سفاری / تھیم پارک کی اسکیم کو منظور کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کرتا ہوں توقع ہے کہ عالمی معیار کا یہ پارک جلد ہی کراچی میں تعمیر ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر اور منگل کی درمیانی شب بلدیہ ٹائون نمبر 7 ، عابد آباد ، آفریدی کالونی میں 2 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سوا کلو میٹر طویل 5-B روڈ کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ اور علاقے میں پارک اور گرائونڈ کے لئے مختص جگہ کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی کامران اختر، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، یوسی 31 بلدیہ ٹائون کے چیئرمین امان خان آفریدی، چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، پارکس کمیٹی کے چیئرمین خرم فرحان، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور اور دیگر افسران کے علاوہ علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ عابد آباد آفریدی کالونی میں 5-B روڈ کی حالت نہایت خراب تھی اور اس اہم سڑک کی طرح بلدیہ ٹائون کی دیگر سڑکوں کی تعمیر کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے جس سے علاقے کے لوگوں کو سہولیات میسر آئیں گی، میئرکراچی نے کھیل کے میدان اور پارک کے لئے مختص جگہ کا بھی معائنہ کیا اور افسران کو ضروری ہدایات دیں انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر ، کھیل کے میدان اور پارکس کی تعمیر و بحالی اولین ترجیح ہے، عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کو جلد از جلد مکمل کرانے کی ہرممکن کوششیںکی جا رہی ہیںاور جتنے بھی دستیاب فنڈز ہیں انہیں استعمال میں لا کر ترقیاتی کام کرائے جارہے ہیں، تمام منتخب نمائندے اس حوالے سے سرگرم ہیں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، انہوں نے کہا کہ وسائل کی قلت کے باوجود ہم کسی عذر کا سہارا لینے کے بجائے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے شہریوں کے مسائل حل کرنے کی حکمت عملی پر کاربند ہیں، اگر ہمارے بس میں ہو تو ہم یونین کونسلوں کو اس سے کہیں زیادہ فنڈز فراہم کرنے کو تیار ہیں کہ جتنے اس وقت دیئے جا رہے ہیں تاہم دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے باہمی مشاورت اور بہتر حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہے ، انہوں نے کہا کہ کراچی میں سفاری / تھیم پارک کی تعمیر سے شہریوں کو ایک عمدہ اور معیاری تفریحی سہولت میسر آئے گی اور یہ پارک کراچی میں موجود وسیع و عریض اور دلکش پارکس میں ایک اور بہترین اضافہ ثابت ہوگا، دنیا بھر میں سفاری اور تھیم پارکس کی طرز پر ترقیاتی منصوبے بنائے جاتے ہیں خاص طور پر بڑے شہروں میں ایسے منصوبے نہایت کامیاب ثابت ہوئے ہیں، امید ہے کہ کراچی میں بھی یہ منصوبہ انتہائی کامیاب رہے گا، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ ٹائون میں قلت آب کا مسئلہ طویل عرصے سے چلا آرہا ہے جس کی وجہ سے علاقے کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے لہٰذا اس مسئلے کو بھی جلد از جلد حل کرائیں گے ،انہوں نے کہا کہ بلدیہ ٹائون اور شہر کے دیگر علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے لئے متعلقہ یونین کونسل کے چیئرمین اور دیگر ممبران سمیت منتخب نمائندوں کی مشاورت اور رہنمائی سے تمام ترقیاتی کام انجام دیئے جارہے ہیںتاکہ ہرممکن بہتر ترقیاتی کام انجام دیئے جاسکیںاور شہر بھر میں عوامی مسائل کے حل کے لئے تعمیر و ترقی کا یہ سفر عوامی مسائل کے حل تک جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :