سابق وزیراعظم محمد نواز شریف دو روزہ دورے پر( پرسوں) کراچی پہنچیں گے

نواز لیگ سندھ کا اجلاس مقامی ہوٹل میں طلب کرلیا، پارٹی کو سندھ میں منظم کرنے کے حوالے سے مشاورت کی جائیگی سابق وزیر اعظم 2فروی کو نجی ہوٹل میںجمہوریت کا مستقبل کے حوالے سے سیمینار میں شرکت کریں گے،وکلا وفد سے بھی ملاقات کرینگے

منگل 30 جنوری 2018 17:24

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف دو روزہ دورے پر( پرسوں) کراچی پہنچیں گے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف دو روزہ دورے پر پرسوں (جمعرات) کراچی پہنچیں گے ۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف یکم فروری کو صبح دس بجے اولڈ ٹرمینل کراچی پہنچیں گے ۔سابق وزیر اعظم نے نواز لیگ سندھ کا اجلاس مقامی ہوٹل میں طلب کرلیا ہے ۔

اجلاس میں عام انتخابات سے قبل نواز لیگ کو سندھ میں منظم کرنے کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی ۔سابق وزیر اعظم سے اتحادی جماعت مسلم لیگ (فنکشنل) کا وفد بھی ملاقات کرے گا ۔نواز شریف رات کو کراچی کے تاجروں سے ملاقات کریں گے ۔سابق وزیر اعظم 2 فروی کو نجی ہوٹل میںجمہوریت کا مستقبل کے حوالے سے سیمینار میں شرکت کریں گے ۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعظم سے دو بجے سپریم کورٹ بار کے سابق صدر یاسین آزاد کی قیادت میں سینئر وکلا کا وفد ملاقات کرے گا ۔

سابق وزیر اعظم دو فروری شام 6 بجے واپس اسلام آباد روانہ ہو جائیں گے ۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما کھیل داس کوہستانی نے بتایا کہ مسلم لیگی کارکنوں نے نواز شریف کے استقبال تیاریاں شروع کردی ہیں ۔پارٹی سربراہ کا شاندار استقبال کیا جائے گا ۔شیر کے متوالے صوبے بھر سے کراچی ایئر پورٹ پر پہنچیں گے۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کو سندھ میں مضبوط کیا جائے گا ۔اگلے عام انتخابات میں مخالفین کو بھرپور مقابلہ کریں گے ۔