سینیٹ انتخابات، ریٹرننگ افسران اور پولنگ افسران کی تربیت کے لئے تین روزہ تربیتی ورکشاپ شروع، چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا نے افتتاح کیا

منگل 30 جنوری 2018 16:15

سینیٹ انتخابات، ریٹرننگ افسران اور پولنگ افسران کی تربیت کے لئے تین ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں تعینات کئے گئے ریٹرننگ افسران اور پولنگ افسران کے لئے تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا افتتاح کیا۔ اس تربیتی ورکشاپ کا افتتاح منگل کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا نے کیا۔ یہ ورکشاپ تین دنوں پر محیط ہوگی اور یکم فروری 2018ء تک جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

دوران تربیت 45 افسران کو سینیٹ انتخابات سے متعلق انتخابی قوانین اور قواعد مجریہ 2017ء کے بارے میں تربیت دی جائے گی۔ ورکشاپ کا افتتاح کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ قانون کے مطابق سینیٹ کے انتخابات ترجیجی ووٹ کی بنیاد پر منعقد کئے جاتے ہیں جس کی گنتی کا طریقہ کار مشکل اور توجہ طلب ہے۔ انہوں نے ٹریننگ کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اس ٹریننگ میں خصوصی دلچسپی لیں تاکہ سینیٹ انتخابات کے انعقاد کا مرحلہ قانون اور آئین کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔