پاکستان حقانی نیٹ ورک،طالبان کی پناہ گاہوں کو ختم کرے، افغان رکن اسمبلی کا الزام

افغانستان میں مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہے ، ہمارے پڑوسی ممالک پاکستان اور ایران کو دیکھنا چاہیے،ایلے ارشاد کا انٹرویو

منگل 30 جنوری 2018 14:09

پاکستان حقانی نیٹ ورک،طالبان کی پناہ گاہوں کو ختم کرے، افغان رکن اسمبلی ..
کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2018ء) افغان رکن اسمبلی ایلے ارشاد نے کہا ہے کہ ہم افغان جنگ کا سیاسی حل نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں کیوں کہ ہم نہیں چاہتے کہ کوئی بھی فریق فوج کا استعمال کرے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک انٹرویومیں ایلے ارشاد نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ طالبان پاکستان میں موجود نہیں حالانکہ حقانی گروپ سمیت دیگر طالبان رہنما اب بھی پاکستان میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

افغان رکن اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے طالبان کی موجودگی کو مسترد کیا جاتا ہے جو مسائل کا سبب ہے اور موقف دیا جاتا ہے کہ طالبان پاکستان میں بالکل بھی نہیں ہیں۔ایلے ارشاد کا کہنا تھا کہ افغانستان میں مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہے اور ہمارے پڑوسی ممالک پاکستان اور ایران کو دیکھنا چاہیے کہ ہم کن حالات سے گزر رہے ہیں، ہمیں اب ان حالات کی عادت ہوگئی ہے کہ طالبان اگر ہم پر حملے کرتے ہیں تو ہم برداشت کرلیتے ہیں لیکن میں دعاگو ہوں کہ ایک دن سب مسلمان اکٹھے ہو کر طالبان کا مقابلہ کریں اور پاکستان کو چاہیے کہ وہ طالبان کی پناہ گاہوں کو ختم کرے۔