گوادر بندرگاہ کے پہلے مرحلے کے فعال ہونے سے ایک خواب حقیقت کا روپ دھار چکا ہے، اس سے ملک کے معاشی حالات میں مزید بہتری آئے گی، بندرگاہ پاکستان اور چین کے عوام کے لئے کاروبار کے بے پناہ مواقع پیدا کرے گی، علاقائی رابطے بڑھیں گے

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو

پیر 29 جنوری 2018 23:40

گوادر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2018ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گوادر بندرگاہ کے پہلے مرحلے کے فعال ہونے سے ایک خواب حقیقت کا روپ دھار چکا ہے، اس سے ملک کے معاشی حالات میں مزید بہتری آئے گی۔ وہ پیر کو گوادر ایکسپو اور گوادر فری زون کے پہلے مرحلے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کر رہی تھیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گوادر ایکسپو اور گوادر فری زون کے پہلے مرحلے کا باضابطہ افتتاح کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کے پہلے مرحلے کا افتتاح پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا تحفہ ہے جس کا آغاز تین سال قبل سابق وزیراعظم نواز شریف نے کیا تھا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ گوادر بندرگاہ نہ صرف پاکستان اور چین کے عوام کے لئے کاروبار کے بے پناہ مواقع پیدا کرے گی بلکہ اس سے علاقائی رابطے بھی بڑھیں گے۔

(جاری ہے)

گوادر میں پینے کے صاف پانی کی صورتحال کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ اگرچہ یہ ایک صوبائی معاملہ ہے تاہم وفاقی حکومت اس مسئلہ کا حل کرنے کے لئے تمام ممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل حل کئے جائیں گے اور صوبے کے عوام کے لئے ترقی و خوشحالی کی نئی صبح طلوع ہوگی۔