چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت اجلاس،

بدعنوانی سے متعلق شکایات کے ازالہ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا

پیر 29 جنوری 2018 22:20

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت اجلاس،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جنوری2018ء) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈپٹی چیئرمین نیب امتیاز تاجور اور جسٹس سیّد اصغر حیدر پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نیب کو موصول ہونے والی بدعنوانی سے متعلق شکایات اور قانون کے مطابق شکایات کے ازالہ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کی اولین ترجیح عوام کی بدعنوانی سے متعلق شکایات کو نہ صرف بروقت قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا ہے بلکہ بدعنوانی سے متعلق شکایات کے طریقہ کار کو مزید سہل، آسان اور عوام دوست بنانا ہے تاکہ تمام شکایات کنندگان کو ان کی شکایات کی موصولی کی اطلاع کے علاوہ ان کی شکایات پر نیب میں جاری کارروائی سے آگاہ کیا جا سکے جس پر اب سختی سے عمل کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب کوئی بھی شکایت چیئرمین نیب کی منظوری کے بغیر نہ ختم کی جائے گی اور نہ ہی ردی کی ٹوکری میں پھینکی جائے گی بلکہ ہر شخص کی شکایت پر قانون کے مطابق کارروائی ہو گی اور تمام شکایات کو جلد از جلد قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ اس کیلئے نہ صرف نیب ہیڈ کوارٹرز بلکہ نیب کے تمام ریجنل بیوروز میں شکایات سیل قائم کئے جائیں گے۔ آئی ٹی سیل، پراسیکیوشن اور آپریشن ڈویژن مل کر ایک ایسی قابل حکمت عملی ترتیب دیں گے جس میں شکایات کنندگان کو دربدر کی ٹھوکریں کھانے کی بجائے اپنی شکایات پر قانون کے مطابق کارروائی ہوتی نظر آئے۔

متعلقہ عنوان :